سری نگر//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے سید پورہ عیدگاہ میں اپنا پہلا عوامی رابطہ پروگرام منعقد کیا۔آؤٹ ریچ پروگرام کی قیادت پی ڈی پی ضلع سری نگر کے صدر حاجی پرویز ،سٹیٹ سیکرٹری حمید کوشین ،غلام محی الدین وچی اور پارٹی کے یوتھ سٹیٹ سیکرٹری عارف لائیگرو نے کی۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر سرینگر حاجی پرویز نے کہا کہ وہ پورے اعتماد کے ساتھ الیکشن لڑیں گے۔ انہوں نے عیدگاہ حلقہ کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ انتخابات میں حصہ لیں اور انہیں یقین دلایا کہ خصوصی حیثیت کی واپسی کے لیے ہر سطح پر جنگ لڑی جائے گی۔عارف لائیگرو نے کہا کہ بات چیت ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دھمکیاں ختم ہونی چاہئیں اور لوگوں کو اپنے خیالات کا اظہار کرنے کی اجازت ہونی چاہیے۔حلقہ انچارج عیدگاہ ڈاکٹر علی محمد نے کہا کہ پی ڈی پی عوام کے ساتھ کبھی غداری نہیں کرے گی اور عوام کی امنگوں کی نمائندگی کرے گی۔