کولکتہ// ایشیائی فٹ بال کی گورننگ باڈی ایشین فٹ بال کنفیڈریشن (اے ایف سی) نے کولکتہ کے اے ایف سی کپ 2022 کے گروپ ڈی میچوں کا میزبان ہونے کی تصدیق کی ہے ۔ آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) نے پیر کے روز یہ اطلاع دی۔اے آئی ایف ایف نے ایک بیان میں کہا کہ اے ایف سی نے اتوار کے روز اے آئی ایف ایف کو ایک خط لکھ کرباضابطہ طور پر تصدیق کی ہے کہ کولکتہ کے وویکانند یووا بھارتی کریڈنگن (وی وائی بی کے ) کو اے ایف سی کپ 2022 کے جنوبی زون گروپ ڈی میچوں کے لیے مرکزی مقام کے طور پر منتخب کیا گیا ہے ۔گروپ ڈی میں گوکلم کیرالہ ایف سی، بنگلہ دیش کی بسوندھرا کنگز کی ٹیم، ماجیا اسپورٹس اینڈ ریکریشن آف دی مالدیپ شامل ہوں گے ۔ اس کے علاوہ ابتدائی اور پلے آف مرحلے میں چھ ٹیموں کے جنوبی ایشیائی مقابلے کی فاتح کو بھی گروپ میں جگہ ملے گی۔ اے ٹی کے موہن بگان کے گروپ ڈی میں کوالیفائی کرنے کی امید ہے ، حالانکہ اس سے قبل 12 اور 19 اپریل کو کوالیفائرز میچ کھیلے جائیں گے ۔واضح رہے کہ 12 اپریل کا میچ وی وائی بی کے ، کولکتہ میں ہونا ہے اور اگر اے ٹی کے موہن بگان جیت جاتی ہے تو 19 اپریل کا میچ بھی کولکتہ میں ہی ہوگا۔ اس دوران گروپ میچز 18 سے 24 اپریل تک شیڈول کیے گئے ہیں۔