سرینگر// وادی میں کورونا وائرس کے2برسوں کے بعد شب معراجؐ کے سلسلے میں مساجد،خانقاہوں اور درگاہوں میں شب خوانی کی مجالس کا انعقاد ہوا۔ انتظامیہ نے کورونا میں کمی کے تناظر میں شب خوانی کی مجالس پر کوئی قدغن نہیں لگائی تھی۔ وادی میں کورونا وائرس کے نتیجے میں گزشتہ2برسوں کے دوران شب معراجؐ کی کوئی بھی تقریب کا اہتمام نہیں کیا جاسکا اور بیشتر لوگوں نے اپنے گھروں میں ہی شب خوانی کی۔تاہم کورونا کی تیسری لہر کمزور ہونے کے بعد2برسوں کے بعد مساجد،درگاہوں و خانقاہوں میں شب خوانی کی مجالس روایتی طریقے سے انجام دی گئیں۔ وقف بورڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر مفتی فرید نے کہا کہ امسال شب خوانی پر کوئی بھی پابندی نہیں تھی،کیونکہ کورونا لہر کمزورہوگئی ہے۔انہوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا’’ درگاہ حضرت بل سمیت سبھی مساجد و خانقاہوں میں لوگوں کی کثیر تعداد روح پرور مجالس میں شریک ہوئے‘۔ شب معراجؐ کی سب سے بڑی تقریب آثار شریف درگاہ حضرت بل میں منعقد ہو ئی جہاں ہزاروں فرزندان توحید نے رات بھر شب خوانی کی اور بارگاہ الٰہی میںسربسجو د ہوئے۔ حضرت بل میں مقدس تقریب میں شرکت کرنے کیلئے وادی کے اطراف و اکناف سے آئے ہوئے سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔ درگاہ حضرت بل میں شب خوانی اور دورود و اذکار کی محفل منعقد ہوئی۔ اسکے علاوہ جناب صاحب صورہ ،حضرت شیخ حمزہ مخدوم صاحبؒ،آستان عالیہ خانیار وسرائے بالا ، آثار شریف شہری کلاشپورہ ، سید یعقوب صاحب سونہ وار،اقرا مسجد سرائے بالا ، جامع مسجد قدیم بٹوارہ ، سید عنقبوت ؒ صاحب بٹوارہ ، خانقاہ معلی ؒ ، شیخ نور الدین نورانی ؒ ، کعبہ مرگ،تجر شریف اور کھرم سرہامہ کے علاوہ چرار شر یف ، پنجورہ شوپیان ، پلوامہ، بانڈی پورہ ، ہندوارہ ، جامع مسجد کپوارہ کیساتھ ساتھ وادی کی تمام مساجد ، خانقاہوں اور زیارتگاہوں میں شب خوانی کا اہتما م کیا گیا تھا جسکے دوران ائمہ مساجد نے تفصیل کیساتھ معراج عالم ؐ کی اہمیت اور فضیلت کو اُجاگر کیا ۔ حکومت اور انتظامیہ نے بھی درگاہ اور دوسری جگہوں تک پہنچنے کیلئے ٹرانسپورٹ کے خاطر خواہ انتظامات کئے ہیں اور اس حوالے سے نجی ٹرانسپورٹ کمپنیوں نے بھی مسافروں کو خانقاہوں اور درگاہوں تک لانے اور لے جانے کیلئے اقدامت اٹھائے۔
لیفٹیننٹ گورنر ،ڈاکٹر فاروق، محبوبہ ،عمر اور بخاری کے تہنیتی پیغامات
نیوز ڈیسک
سرینگر//معراج العالمؐ کی مقدس تقریب پر جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا ،نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ، پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی ، این سی نائب صدر عمر عبداللہ اور دیگر لیڈران نے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔انہوں نے الگ الگ پیغامات میں کہا کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جس سے دنیا میں جہالت ، گمراہی اور رنگ نسل کا تمیز مٹ گیا اور ایک صالح نظام کی بنیاد پڑگئی۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام اخوت، پیار محبت، عدل وانصاف ، مساوات ، بھائی چارہ کا درس دیتا ہے۔ اُنہوں نے عالم اسلام کی سربلندی، عالم انسانیت کی بقاء اور لوگوں کی خوشحالی، فارغ البالی اور امن ومان کیلئے دعا کی اور مسلمانوں سے اپیل کی ،کہ وہ مکمل امن وامان کیلئے دعا کریں۔ سید الطاف بخاری نے جموں وکشمیر کی عوام کو شب ِ معراج کے مقدس موقع پر دلی مبارک باد پیش کی ہے۔ تہنیتی پیغام میں انہوں نے جموں وکشمیر کے لوگوں کے درمیان امن ، خوشحالی اور آپسی بھائی چارہ کے لئے دُعا کی ۔