جموں// کمشنر سیکرٹری فلوری کلچر ، پارکس اینڈ گارڈنز شیخ فیاض احمد نے ڈائریکٹر پارکس اینڈ گارڈنز جموں جتندر سنگھ کے ساتھ سوہل ٹنڈا اَکھنور میں پبلک پارک کا اِفتتاح کیا۔ پارکس اینڈ گارڈنز محکمہ نے پبلک پارک کو 136 لاکھ روپے کی لاگت سے تیار کیا ہے اور پارکس کا رقبہ 30کنال ہے ۔ اِس موقعہ پر جانکاری دی گئی کہ اِس پبلک پارک کاکام 2012-13 میں شروع کیا گیا ہے ۔ پارک میں مختلف خصوصیات ہیں جس میں چین لنک / گرل باڑ ، تین ویو پوائنٹ ، لینڈ سکیپنگ ، ٹرفنگ ، گڈ اَرتھ فلنگ ، ٹائیل پاتھ / واک وے ، ہائی ماسٹ لائٹس ، الیومنیشن سسٹم ، سپرنکلر ، ڈسٹ بِن اور مختلف قسم کے پھول شامل ہیں۔اِس موقعہ پر کمشنر سیکرٹری نے اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا مقصد لوگوں بالخصوص بزرگ شہریوں اور بچوں کو اِن کی دہلیز پر تمام سہولیات فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔اُنہوں نے مذکورہ علاقے کے موجودہ پارکوں اور باغات کی دیکھ ریکھ اور ترقی کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔اُنہوں نے پارک کی حدود میں سایہ دار درخت لگانے کی بھی ہدایات جاری کیں۔کمشنر سیکرٹری نے کہا کہ صوبہ جموں میں اِنتظامیہ کی طرف سے ایک ٹیولپ گارڈن 40کنال اراضی پرسناسرمیں بنانے کے لئے منظوری دی ہے اور فلوری کلچر کے دوسرے پروجیکٹ کو جلد مکمل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت مارکیٹنگ اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے اور کاشت کاروں کے لئے ہائی ٹیک پولی ہاؤسوںکا معاملہ پہلے ہی اٹھا چکے ہیں۔اِس دوران اُنہوں نے مقامی لوگوں ، پی آر ائیز سے بھی تبادلہ خیال کیا اوراُن کی شکایات سماعت کیں۔پی آر آئیز نے عوامی اہمیت کے حامل مختلف مسائل کمشنر سیکرٹری گوش گزار کئے ۔ کمشنر سیکرٹری نے اِس موقعہ پر موجود مقامی نمائندوں اور عوام کو یقین دِلایا کہ ان کے تمام جائز مطالبات و مسائل پر غور کیا جائے گا اور مقررہ وقت پر کارروائی کی جائے گی۔ڈائریکٹر نے کمشنر سیکرٹری کو جانکاری دی کہ محکمہ فوری کلچر کی طرف سے جاری تمام کام مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں گے ۔ کمشنر سیکرٹری نے اَفسران کو کام کے معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت دی اور اِس نوعیت کے پارکوں کی مجموعی خوبصورتی اور دیدۂ ذیب بنانے پر زور دیا۔ کمشنر سیکرٹری نے محکمہ فلوری کلچر کی کارکردگی پر اطمینان کا اِظہار کیا۔ اُنہوں نے عوام سے پارک کی صفائی ستھرائی کو برقرار رکھنے اور کوڑے دان کا استعمال کرنے پر زور دیا۔گائوں کے سرپنچ اور سرکردہ شہریوں نے اِس پارک کو عوام کے لئے وقف کرنے پر ایل جی اِنتظامیہ اور چیف سیکرٹری کا شکر یہ اَدا کیا۔