سرینگر //محکمہ صحت نے تمام ضلع اسپتالوں میں عمر رسیدہ افراد کیلئے خصوصی طبی سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق راتھر کی جانب سے جاری سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری صحت و طبی تعلیم کی ہدایت پر وادی کے تمام ضلع اسپتالوں میں عمر رسیدہ افراد کیلئے خصوصی طبی سہولیات بہم رکھنے کا فیصلہ لیا گیا ہے اور یہ فیصلہ عمر رسیدہ افراد کی آبادی میں اضافہ اور ملک کے ساتھ ساتھ وادی میں لوگوں کی عمر میں اضافہ کی وجہ سے لیا گیا ہے۔ سرکیولر میں مزید کہا گیا ہے کہ عمر رسیدہ افراد کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام میڈیکل سپر انٹنڈنٹوں کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ خصوصی طبی سہولیات بہم رکھے اور اس کیلئے ہر جمعرات کو علیحدہ او پی ڈی اور ٹکٹ کائونٹر قائم کئے جائیں۔ تمام میڈیکل سپر انٹنڈنٹوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اقدامات کی رپورٹ 4مارچ تک ڈائریکٹر ہیلتھ کے دفتر میں جمع کرائیں۔