سرینگر //مسلسل موسم کی خرابی کے بیچ محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر 6اور 7مارچ کو بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری کے ایک اور مرحلہ کی پیش گوئی کی ہے۔ اس دوران وادی کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری اور میدانی علاقوں میں معمولی بارشیں ہوئیں ۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس کے مطابق 5مارچ تک وادی میں موسم ابرالود رہے گا اور 6اور 7مارچ کو برف باری اور بارشوں کا ایک اور مرحلہ ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ اس دوران وادی کے میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجہ کی برف باری اور بالائی علاقوں میں بھاری برف باری ہو گی ۔انہوں نے بتایا کہ کپواڑہ ، بارہمولہ ، بانڈی پورہ ،بڈگام اور گاندربل میں بھاری برف باری ہو گی ۔انہوں نے مزید بتایا کہ جموں میں ہلکے سے درمیانہ درجہ کی بارشوں کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ لداخ کے دراس اور گمری اور زوجیلہ میں بھی بھاری برف باری ہو سکتی ہے ۔وادی کشمیر میں بدھ اور جمعرات کی رات کو گلمرگ، سونہ مرگ ، کپواڑہ کے سادھنا ٹاپ ، زیڈ گلی ، پھرکیاں ٹاپ میں برف باری ہوئی جبکہ سرینگر سمیت اکثرمیدانی علاقوں میں دن بھر وقفے وقفے سے بارشیں ہو رہی تھیں ۔اس دوران حکام نے بتایا کچھ مقامات پر ہلکی بارش،برفباری ہوئی ہے۔ فی الحال، کشمیر کے بیشتر مقامات اور جموں کے کچھ مقامات پر موسم ابر آلود ہے۔تازہ برف باری کے نتیجے میں کم سے کم درجہ حرارت میں بہتری دیکھنے کو ملی ہے ۔محکمہ کے مطابق سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 4.6ڈگری ، قاضی گنڈ 1.6ڈگری پہلگام میں 0.5ڈگری کپواڑہ میں 4.6ڈگری ،کوکرناگ 1.5ڈگر ی اور گلمرگ میں منفی 4.4ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ہے ۔