بانہال //کٹرہ اور بانہال کے درمیان 111 کلومیٹر لمبی ریلوے لائن پر پلوں اور ٹنلوں کا کام سرعت کے ساتھ جاری ہے اور پچھلے ایک مہینے میں شمالی ریلوے نے تین ریلوے ٹنلوں کی کھدائی مکمل کرکے کئی سنگ میل طے کئے ہیں ۔بنکوٹ بانہال علاقے میں جمعرات کو ارکان انٹرنیشنل اور اے بی سی آئی نے قریب دو کلومیٹر لمبی ریلوے ٹنل نمبر 77 ڈی کی کھدائی مکمل کرکے اسے آرپار کیا اور اس طرح کٹرہ بانہال سیکٹر میں شمالی ریلوے نے ایک اور سنگ میل عبور کیا ۔ بنکوٹ میں آر پار کئے گئے اس ٹنل کی تقریب کے موقع پر ایس ڈی ایم بانہال ظہیر عباس مہمان خصوصی کے طور موجود تھے جبکہ ریلوے اور ارکان کے علاوہ اے بی سی آئی کے پروجیکٹ منیجر ندیم شمس وانی ، سجاد عارف ، عمران اقبال بھی موجود تھے۔ ریلوے ٹنل کی کھدائی کا کام اگست 2020 میں ہاتھ میں لیا گیا تھا ۔اس ٹنل کو آر پار کرنے سے بانہال اورسنگدان کے درمیان ریلوے ٹریک کے بیشتر ٹنل مکمل کئے گئے ہیں۔ اس سیکٹر میں ریلوے ٹریک کا 96 فیصد حصہ زیر زمین ٹنلوں پر مشتمل ہے ۔ بانہال ریلوے سٹیشن اور کھڑی کے درمیان ریلوے لائن کے قریب گیارہ کلومیٹر لمبے ٹریک کی ٹنلوں کی کھدائی مکمل کی گئی ہے اور ریلوے حکام کو امید ہے کہ آئندہ ایک سال میں بانہال اور کھڑی کے درمیان ریل سروس کو چلایا جا سکتا ہے ۔ کٹرہ اور بانہال کے درمیان زیر تعمیر ریلوے ٹریک کشمیر ریل پروجیکٹ کا آخری پڑائوہے اور اسے ٓائندہ دو برسوں میں مکمل کرکے کشمیر کو ریل کے ذریعے ملک کے دوسرے حصوں سے ملایا جائیگا ۔