سری نگر// ڈی آئی جی سینٹرل کشمیر سرجیت کمار کا کہنا ہے کہ امیر کدل گرینیڈ حملے کی سی سی ٹی فوٹیج کے دوران پولیس کو اہم سراغ ملے ہیں ۔
اُنہوں نے بتایا کہ ابھی تک کسی نے بھی اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے امیرا کدل میں حالات کا جائزہ لینے کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ اتوار کے روز سہ پہر کے قریب امیرا کدل کے بھیڑ بھاڑ والے بازار میں گرنیڈ حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں معمر شہری از جان اور 23 دیگر زخمی ہوئے جن میں سے ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
پولیس آفیسر نے بتایا گرینیڈ حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی گئی ہے جس دوران قانون نافذ کرنے والے ادارے کو اہم سراغ ملے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ابھی تک اس حملے کی کسی بھی ملی ٹینٹ تنظیم نے ذمہ داری قبول نہیں کی ۔
اُن کے مطابق گرینیڈ حملے کی باریک بینی سے تحقیقات شروع کی گئی ہے اور بہت جلد ملوثین کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا جائے گا۔
انہوں نے یقین دلایا کہ مستقبل میں اس طرح کے حملوں کو ناکام بنانے کی خاطر کارگر اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔
ڈی آئی جی نے بتایا کہ سری نگر سمیت کشمیر صوبے میں سیکورٹی ایک بڑا چیلنج ہے ۔
بتادیں کہ امیرا کدل سری نگر میں ہوئے گرینیڈ حملے کے بعد شہر بھر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔
پولیس کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مشتبہ افراد کے بارے میں نزدیکی پولیس اسٹیشن کو مطلع کریں۔