ترال +گاندربل //پولیس نے اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ اونتی پورہ میں ملی ٹینٹوں کے ایک نیٹ ورک کیساتھ کام کرنے والے 4نوجوانوں کو گرفتار کیا گیاجبکہ گاندربل میں بھی اسی طرح کی کارروائی کے دوران ایک نوجوان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ عمر فاروق ڈار ولد فاروق احمد ساکن شاہ آباد، سورج منظور ملک ولد منظور احمد ملک ساکن میڈورہ، ارشاد احمد لون ولد غلام محمد لون ساکن میڈورہ اور افنان جاوید خان ولد جاوید احمد سکنہ شہباز میڈورہ کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ یہ گرفتارملی ٹینٹوں کے ساتھی غیر ملکی ملی ٹینٹ عثمان اور عبدالرحمن کو پناہ دینے، لاجسٹک سپورٹ اور اسلحہ/گولہ بارود کی نقل و حمل میں ملوث تھے۔ادھرگاندربل کے شہامہ علاقے میں ناکہ چیکنگ کے دوران لشکر کے ایک سرگرم ملی ٹینٹ کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔گاندربل پولیس کے مطابق ناگہ بل سے ملحقہ علاقہ شہامہ میں 24 آر آر، 115 بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس کی جانب سے مشترکہ ناکہ لگایا گیا تھا جہاں راہگیروں اور گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی جارہی تھی۔ اس دوران محمد الطاف وانی ولد مرحوم ولی محمد وانی ساکن کیگام شوپیان نامی ملی ٹینٹ کو حراست میں لیا گیا۔مذکورہ ملی ٹینٹ کیخلاف پہلے ہی پولیس تھانہ شوپیان میں کیس زیر نمبر 15/22 درج ہے۔اس کی گرفتاری سے متعلق پولیس تھانہ گاندربل میںبھی کیس درج کیا گیا۔