سرینگر //مادر مہربان انسٹی ٹیوٹ آف نرسنگ سائنس اینڈ ریسرچ سکمز کی جانب سے منگل کو عالمی یوم خواتین منایا گیا اور اس سال کا موضوع ’’جنسی برابری‘‘ تھا۔ تقریب میں شامل افراد نے موضوع کے مختلف حصوں پر روشنی ڈالی اور یکساں سماج کی تعمیر کیلئے خواتین کے تئیں جانبداری کو ختم کرنے پر زور دیا ۔ ڈائریکٹر سکمز ڈاکٹر پرویز احمد کول پروگرام میں بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے اور کہا کہ عالمی یوم خواتین پوری دنیا میں زندگی کے مختلف شعبوں میں خواتین کے کام کو سرہانہ کرنے کیلئے منایا گیا ۔ انہوں نے عالمی وباء کے دوران خواتین کے رول کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ طب نے خواتین کی صلاحیتوں کو صدیوں سے تسلیم کیا ہے اور ان کے رول کی سراہنا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو خود بھی بہتر طریقے سے کام کرنا چاہئے تاکہ سماج پر اس کے مثبت نتائج مرتب ہوں۔ پروگرام میں پروفیسر طارق احمد گوجواری ڈین فیکلٹی سکمز نے بطور مہمان ذی وقار کی حیثیت سے شرکت کی اور کہاکہ خواتین سکمز میں افرادی قوت کی ایک بڑی طاقت ہے اور ہر سطح پر ان کے رول کی سراہنا کی۔ اس موقع پر میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر فارو ق احمد جان اور پرنسپل نرسنگ کالج منیرا کاچرو نے بھی شعبہ میں جنسی برابری کی اہمیت کو اجاگر کیا اور اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ خواتین شعبہ طبی میں بہت آگے ہیں۔