نے پنجاب میں جھاڑو پھیر دیا، 5ریاستوں میں کانگریس کو کراری شکستAAP
نئی دہلی//ملک کی 5ریاستوں میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی اتراکھنڈ، گوا اور منی پور میں واضح اکثریت حاصل کرکے پھر سے اقتدار میں واپسی آگئی ہے جبکہ اترپردیش میں واضح اکثریت کیساتھ نئی تاریخ رقم کی ہے۔پنجاب میں عام آدمی پارٹی نے تاریخی جیت درج کرکے سیاست کی سمت تبدیل کردی ہے ۔ان انتخابات میں کانگریس پارٹی کو سبھی ریاستوں میں شکست ہوئی ہے۔بی جے پی نے اترپردیش کی 403اسمبلی سیٹوں میں 273سیٹیں جیت لی ہیں ۔سماج وادی پارٹی نے 125نشستیں حاصل کی ہیں۔بہو سماج پارٹی نے ایک، کانگریس نے 2اور دیگر پارٹیوں نے 2نشستیں حاصل کرلی ہیں۔ وزیراعلی یو گی آدتیہ ناتھ گورکھپور شہری سیٹ سے ایک لاکھ سے زیادہ ووٹوں سیجیت گئے جبکہ کرہل سیٹ پر سابق وزیراعلی اکھیلیش یادو 67504ووٹ سے جیت گئے۔اتر پردیش میں کسی بھی پارٹی نے پہلی بار، دو بار لگاتار چنائو جیتا اور دو بار ایک ہی وزیر اعلیٰ جیت کر آیا ہے۔اتر پردیش کو 2024یں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کا سیمی فائنل قرار دیا جارہا تھا۔ لیکن یہ کہاوت ہے کہ جس پارٹی نے اتر پردیش کی زیادہ نشستیں پارلیمانی انتخابات میں جیت لیں وہی مرکز میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہوتی ہے۔ادھراتراکھنڈ میں بی جے پی نے 70سیٹوں میں سے 48سیٹوں پر جیت حاصل کرلی ۔ کانگریس کو 18سیٹوں پر جیت ملی ہے ۔ ریاستی اسمبلی انتخابات میں آزاد امیدواروں کو4سیٹیں ملی ہیں جبکہ عام آدمی پارٹی کا اکاونٹ نہیں کھلا ہے ۔ وزیراعلی پشکر سنگھ دھامی اور سابق وزیراعلی ہریش راوت الیکشن ہار گئے ۔پنجاب میں عام آدمی پارٹی نے تاریخی جیت حاصل کرتے ہوئے ریاستی اسمبلی کی 117سیٹوں میں سے 92سیٹوں پر قبضہ کرلیا ۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں عام آدمی پارٹی نے کانگریس اور اکالی دل کی بالادستی ختم کردی ۔ برسراقتدار کانگریس محض 18سیٹوں پر سمٹ گئی ۔ شرومنی اکالی دل کو صرف تین سیٹوں پر اکتفا کرنا پڑا ہے ۔ بی جے پی کو دو اسمبلی حلقوں میں جیت ملی ہے ۔ بہوجن سماج پارٹی کو ایک سیٹ پر کامیابی ملی ہے ۔ ایک سیٹ آزاد امیدوار کے کھاتہ میں گئی ہے ۔عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمان بھگونت مان کی قیادت میں پارٹی نے کانگریس اور شرومنی اکالی دل کے کئی قدآور وں کو دھول چٹائی ہے ۔ وزیراعلی چرنجیت سنگھ چنی دو نوں سیٹوں پر ہار گئے۔ کیپٹن امریندر سنگھ بھی چنائو ہار گئے۔ عام آدمی پارٹی کے وزیراعلی کے عہدہ کے امیدوار بھگونت مان دھوری اسمبلی سیٹ سے 58ہزار 206ووٹوں سے جیتے جبکہ پنجاب کانگریس کے صدر نوجوت سنگھ سدھو امرتسر مشرق سیٹ پر شرومنی اکالی دل کے پرکاش سنگھ بادل لمبی سیٹ سے عام آدمی پارٹی کے امیدوارگرمیت سنگھ خودیاں سے شکست کھا گئے ۔گوا اسمبلی کی 40 سیٹوں میں سے 20سیٹوں پر بی جے پی نے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ کانگریس نے 12سیٹوں پر جیت حاصل کی ہے ۔ مہاراشٹر گومانتک پارٹی اور عام آدمی پارٹی نے دو دو سیٹوں اور گوا فارورڈ پارٹی اور ریولیوشنری گوون پارٹی نے ایک ایک سیٹ پر قبضہ کرلیا ہے ۔ آزاد امیدواروں کے حصہ میں تین سیٹیں آئی ہیں۔ وزیراعلی پرمود سامنت اپنی سیٹ بچانے میں کامیاب رہے ہیں۔منی پور کی 60سیٹوں میں سے 55کے نتائج آچکے ہیں جن میں سے بی جے پی31جیت چکی ۔ نیشنل پپلز پارٹی چھ سیٹ جیت چکی,جنتادل یونائیٹڈ نے چھ اور کانگریس اور ناگا پپلز فرنٹ نے پانچ پانچ سیٹیں جیتی ہیں۔ وزیراعلی این برین سنگھ نے اپنی ہنگانگ سیٹ پر 18ہزار سے زیادہ ووٹوں سے جیت حاصل کی ہے ۔