پلوامہ+سرینگر // پلوامہ ضلع کے نائینہ بٹہ پورہ علاقے میں جمعرات کو ایک خونریز تصادم آرائی ہوئی جس میں 2 مقامی ملی ٹینٹ جاں بحق ہوئے ۔ تصادم کی وجہ سے احتیاطی طور پر بڈگام بانہال ریل سروس معطل کی گئی ۔ادھر درگاہ حضرتبل میں فائرنگ کا مختصر تبادلہ ہوا جس میں ایک غیر ملکی ملی ٹینٹ کمانڈر حیدر مارا گیا جبکہ اسکے 2ساتھی فرار ہوئے۔اس دوران پلوامہ میں ملی ٹینٹوں نے ایک بینک گارڈ کو گولی ماردی جس سے وہ شدید زخمی ہوا۔
نائینہ جھڑپ
پولیس نے بتایاکہ نائینہ سنگم بٹہ پورہ گائوں میں ملی ٹینٹوںکی موجودگی کے بعد ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر55آر آر اور182بٹالین سی آر پی ایف کیساتھ مشترکہ پر جمعرات کی صبح گائوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی کارروائی شروع کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ جب فورسز کی تلاشی پارٹی اس جگہ پر پہنچی، جہاں ممکنہ طور پر ملی ٹینٹ موجود تھے تو فورسز کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔اس موقعہ پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور دو ملی ٹینٹ مقامی جامع مسجد کے قریب ایک تعمیراتی ڈھانچے میں گھس گئے۔ انہوں نے بتایا کہ انتہائی احتیاط برتنے کے ساتھ ہی مسجد کو بنا نقصان کے دونوں ملی ٹینٹوں کو مارا گیا ہے۔پولیس نے دونوں کو ہتھیار ڈالنے کا موقع فراہم کیا، تاہم انہوں نے ہتھیار ڈالنے کی پیشکش مسترد کی۔اسکے بعد آپریشن کیا گیا جس کے دوران ملی ٹینٹ مسجد سے باہر آکر نزدیکی ایک رہائشی ڈھانچے میں داخل ہوئے۔اس موقعہ پر فائرنگ کے تبدالے مین ایک ملی ٹینٹ جاں بحق ہوا جبکہ قریب آدھ گھنٹے کے بعد دوسرا ملی ٹینٹ بھی مارا گیا۔دونوں ملی ٹینٹوں کی شناخت شاہد احمد ساکن نائینہ بٹہ پورہ، اور فیاض احمد شیخ ولد غلام رسول ساکن شاہ پورہ گاندربل کے طور پر کی جارہی ہے ۔ وہ یکم مارچ 2022کو لاپتہ ہوا تھا۔ اس نے سماجیات میں پوسٹ گریجویشن کی تھی۔جھڑپ کے دوران علاقے میںاحتیاطی تدابیر کے پیش نظر بانہال سے بڈگام ضلع کے درمیان ٹرین سروس معطل کردی گئی۔آئی جی پی کشمیر نے پہلے بتایا تھا کہ مسجد کو کوئی نقصان نہ پہنچنے کو یقینی بنانے کے لیے انتہائی احتیاط برتی گئی کیونکہ عسکریت پسند الگ ڈھانچے میں چھپے ہوئے تھے۔ وجے کمار نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کیں تاکہ مسجد کو کوئی نقصان نہ پہنچے کیونکہ مسجد کے علاوہ ایک ڈھانچے میں دو ملی ٹینٹ چھپے تھے۔انہوں نے کہا کہ دو عسکریت پسند مسجد سے الگ ایک ڈھانچے میں چھپے ہوئے تھے، جبکہ ایک جنگجو مارا گیا ۔انہوں نے کہا کہ مسجد کو کوئی نقصان نہ پہنچے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے انہوں نے ہر ممکن احتیاط برتی ہے۔
حضرتبل جھڑپ
حضرت بل میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک غیر ملکی ملی ٹینٹ جاں بحق ہوا، جبکہ2 دیگر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ آئی جی پی کشمیر وجے کمار کا کہنا ہے کہ تینوں ملی ٹینٹ حضرت بل کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار سے ہتھیار چھیننے آئے تھے۔ مقتول غیر ملکی گزشتہ چھ ماہ سے سرینگر میں سرگرم تھا۔انسپکٹر جنرل آف پولیس وجے کمار نے جمعرات کو کہا کہ ایک غیر ملکی جنگجو سمیت تین ملی ٹینٹ درگاہ حضرت بل کی حفاظت پر مامور ایک پولیس اہلکار سے ہتھیار چھیننے آئے اور ایک مختصر گولی باری میں ایک غیر ملکی جنگجو مارا گیا۔ دو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔آئی جی پی نے حضرت بل میں صحافیوں کو بتایاکہ تین ملی ٹینٹ بشمول ایک غیر ملکی حیدر نامی ملی ٹینٹ جو سرینگر میں پچھلے چھ ماہ سے سرگرم تھا، نے حضرت بل کے مزار پر ایک گارڈ سے ہتھیار چھیننے کی کوشش کی۔ چوکس پولیس اہلکار نے گولی چلائی اور کوشش کو ناکام بنا دیا۔ جوابی کارروائی میں، ایک غیر ملکی عسکریت پسند جس کی ویڈیو بھی حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، مارا گیا جب کہ دو دیگر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کا سراغ لگایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عسکریت پسند مذہبی مقامات کو پناہ لینے کے لیے استعمال کر رہے ہیں لیکن پولیس بہت متحرک ہے اور ایسی تمام کوششوں کو ناکام بنا دے گی۔ آئی جی پی نے کہا کہ لشکر طیبہ کے دو مقامی جنگجو پہلے نائینہ، پلوامہ میں واقع مسجد میں داخل ہوئے اور ابتدائی فائرنگ کے تبادلے کے بعد انہوں نے قریبی مکان میں پناہ لی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں مارے گئے۔بڈگام میں سپاہی کی لاش کی برآمدگی کے بارے میں، آئی جی پی نے کہا کہ پولیس تمام زاویوں سے اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا اسے عسکریت پسندوں نے مارا یا اس کا کسی سے جھگڑا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تمام زاویوں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
گارڑڈپر فائرنگ
مورن چوک پلوامہ ٹائون میں جمعرات بعد دو پہر اس وقت افرا تفری پھیل گئی جب مشتبہ ملی ٹینٹوںنے جموں کشمیر بینک گارڈ پر گولی چلا کر اسکی بارہ بور رائفل چھین کر جائے واردات سے فرار ہوا ۔گولی لگنے کے نتیجے میں بنک گارڈ زخمی ہوا جسے ہسپتال منتقل کیا گیا ۔پولیس نے بتایا کہ بعد دو پہر مشتبہ ملی ٹینٹوں نے مورن چوک میںقائم جموں و کشمیر بنک کی ایک شاخ کی حفاظت پر مامور ایک گارڈ پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک گولی اس کی ٹانگ میں لگی ، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا ، جسے فوری طور ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا ۔انہوں نے بتایا مبینہ طور پر جنگجو بنک محافظ کی 12 بور رائفل چھین کر فرار ہو گئے۔ زخمی بینک گارڈ عبدالحمید وانی ساکن ٹہاب پلوامہ کی حالت مستحکم ہے۔ واقعہ کے بعدحملہ آوروںکی تلاش کرنے کے لئے علاقے میں جگہ جگہ ناکے بٹھائے گئے جبکہ پولیس نے واقعے کے حوالے سے کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ۔
Contents