سرینگر// انسداد رشوت ستانی محکمہ انٹی کورپشن بیورو نے محکمہ سیلز ٹیکس کے ایک انسپکٹر 3لاکھ روپے رشوت طلب کرنے اور قبول کرنے کے سلسلے میں حراست میں لیا ۔ اے سی بی کے مطابق انٹی کورپشن بیورو کو ایک تحریری شکایت موصول ہوئی کہ محکمہ سیلز ٹیکس کا ایک انسپکٹر سیلز ٹیکس سرینگر میں اندرونی آڈٹ رپورٹ کی درستگی میں3 لاکھ روپے کی رشوت طلب کر رہا ہے،جبکہ شکایت گزار جو کہ ایک تاجر تھا، کو سیلز ٹیکس محکمہ نے14لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا تھا۔ بیان کے مطابق شکایت کے بعد ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی۔ بیان میں کہا گیا کہ تحقیقات کے دوران ایک ٹیم کو تشکیل دیاگیا جنہوں نے انسپکٹر کو رنگے ہاتھوں رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا۔بیان کے مطابق مذکورہ انسپکٹرسے آزاد گواہوں کی موجودگی میں رقومات بھی ضبط کی گئیں۔ گرفتاری کے بعد انکی رہائش گاہ کی بھی تلاشی لی گئی،جبکہ کیس سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہے۔