ہیملٹن//ماریزان کپ (44 رن پر دو وکٹ اور 34 ناٹ آؤٹ) کے عمدہ آل راونڈرکھیل اورلورا وولفارٹ (67) اور کپتان سن لوس (51) کی نصف سنچریوں کی مدد سے جنوبی افریقہ نیوزی لینڈ کو جمعرات کے روز تین گیند باقی رہتے دووکٹ سے شکست دے کر آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں جیت کا چوکا لگادیا۔ جنوبی افریقہ مسلسل چوتھی جیت اور آٹھ پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دوسرے نمبر پرپہنچ گیا ہے جبکہ نیوزی لینڈ پانچ میچوں میں تیسری شکست کے بعد چوتھے نمبر پر ہے ۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم 47.5 اوورز میں 228 رنز پرسمٹ گئی۔ جنوبی افریقہ نے 49.3 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 229 رنز بنا کر جیت حاصل کرلی۔ ماریزان کپ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم صوفی ڈیوائن کی 101 گیندوں پر 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 93 رنز کی شاندار اننگ کے باوجود 228 رن پر سمٹ گئی۔ امیلیا کر نے 42، میڈی گرین نے 30 اور بروک ہیلیڈے نے 24 رنز بنائے ۔ صوفی پانچویں بلے باز کے طور پر ٹیم کے اسکور 198 پر آؤٹ ہوئیں۔ لیکن اس کے بعد باقی بلے باز 30 رنز جوڑ کر پویلین لوٹ گئے ۔ ماریزان کپ نے 10 اوورز میں 44 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ شبنم اسماعیل نے 27 رنزپرتین اور آیا بونگا کھاکا نے 31 رنزدے کر تین وکٹ اپنے نام کئے ۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے لورا وولفارٹ اور کپتان سن لوس نے تیسرے وکٹ کے لیے 88 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ وولفارٹ نے 94 گیندوں پر 67 رنز میں چھ چوکے لگائے جبکہ کپتان سن لوس نے 73 گیندوں پر 51 رنز میں چار چوکے لگائے ۔ جنوبی افریقہ نے اس پارٹنرشپ کے ٹوٹنے کے بعد کچھ وکٹیں جلدی جلدی گنوائیں لیکن ماریزان کپ نے ایک سرے سے ٹک کرکھیلتے ہوئے 35 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 34 رنز کی میچ وننگ اننگ کھیلی جس پر انہیں پلیئرآف دی میچ قراردیا گیا۔یواین آئی