سرینگر //سرکاری مواصلاتی کمپنی بھارت سنچار نگم لمٹیٹد( بی ایس این ایل )صارفین کو بہتر انٹر نیٹ اور فون سروس فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہے اورفی الوقت کمپنی کی جانب سے بدستور صارفین کی ناک میں دم کرنے کی روایت جاری ہے۔ لوگ دیگر نجی کمپنیوں کے بہتر نیٹ ورک کا استعمال کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں اور ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ سرکاری کمپنی کے حکام ہی اس کا ستیاناس کرنے پر تلے ہوئے ہیں ۔ صارفین کا کہنا ہے کہ کمپنی پہلے اپنی ساخت کو برقرار رکھنے میں ناکام ہے اور لوگوں کو بہتر سروس فراہم کرنے میں کوئی بھی سنجیدہ اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں ۔سرینگر شہر کے اکثر علاقوں میں بی ایس این ایل انٹر نیٹ سروس نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ وادی بھر کے لوگ اس کمپنی سے نہایت تنگ آگئے ہیں۔بی ایس این ایل کو ابھی تک معلوم ہی نہیں ہے کہ 4جی سروس بھی ہوتی ہے۔ بی ایس این ایل نے ابھی تک وادی کے صارفین کو 3جی سروس بھی مکمل طور فراہم نہیں کی ہے۔ بی ایس این ایل کمپنی کو خسارے سے بچانے کیلئے 2019میں جو نیٹ ورک بند ہوئے تھے، اس سے بہت فائدہ ہوا۔سرکاری کمپنی کو موثر بنانے کی کوئی پالیسی ہی نہیں ہے اسی وجہ سے یہاں پرائیویٹ کمپنیاں صارفین کو لوٹنے میں کامیاب رہی ہیں۔وادی میں بی ایس این ایل صارفین کی تعداد بہت کم ہو گئی ہے اور صارفین میں بتدریج کمی واقع ہورہی ہے۔سرکاری کمپنی اس معیار پر اترنے میں ناکام ہوگئی ہے جس معیار کی سروس پرائیویٹ کمپنیاں صارفین کو فراہم کررہی ہیں۔اس میں کوئی دورائے نہیں ہے کہ بی ایس این ایل کے پلان دیگر کمپنیوں سے سستے ہیں لیکن جب سروس ہی بہتر نہیں تو پلان کسی کام کے نہیں رہ جاتے ہیں۔وادی میں بی ایس این ایل کی مشینری 2014کے سیلاب میں تباہ ہوئی تھی جس کے بعد اسے ٹھیک نہیں کریا گیا اور نہ نئی مشینری کی تنصیب ممکن ہو پائی۔اسی لئے بی ایس این ایل صارفین کو پہلے 3جی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام رہی اور فور جی کی تو بہت دور کی بات ہے۔معلوم رہے کہ جموں کشمیر میں 5اگست 2019 سے مواصلاتی خدمات پر عائد پابندیاں، اقتصادی بحران سے دوچار سرکاری مواصلاتی کمپنی بھارت سنچار نگم لمیٹڈ (بی ایس این ایل) کیلئے سونے کی کان ثابت ہوئیں اور کمپنی نے صارفین میں بڑے پیمانے پر براڈ بینڈ اور موبائل سم اجرا کئے لیکن اس کے باوجود بھی صارفین پریشان ہیں کہ انہیں وہ بہتر سہولیات نہیں دی گئیں جس کا انہیں انتظار ہے ۔ جب اس تعلق سے ڈی جی ا یم بی ایس این ایل جموں وکشمیر راکیش کمار نے یقین دلایا کہ جہاں کہیں بھی بی ایس این ایل سروس بہتر نہیں ہو گی اس کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گئے اور اس تعلق سے کشمیر وادی کے بی ایس این ایل افسران کو آگاہ کر کے صارفین کو بہتر سروس فراہم کی جائے گی ۔