سری نگر// جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال نے رسوئی گیس، پیٹرولیم مصنوعیات اور دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں یکایک اضافے پر زبردست تشویش کا اظہارکیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات اب عیاں ہوگئی ہے بھاجپا نے 5ریاستوں میں الیکشن ایام کے دوران پیٹرول ، ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتوں کو اعتدال پر رکھا تھا اور الیکشن نتائج آنے کے ساتھ ہی اب ان ضروریاتِ زندگی میں مسلسل اضافہ کیا جارہاہے۔
ان باتوں کا اظہار انہوں نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر پر ایک اجلاس کے دوران کیا۔
ڈاکٹر کمال نے اس موقعے پر کہاکہ پیٹرول ،ڈیزل اور رسوئی گیس کی مسلسل بڑھتی قیمتوں سے متعلق مرکزی حکومت کا ہمیشہ یہی موقف تھا کہ حکومت کا قیمتیں بڑھانے میں کوئی رول نہیں اور یہ سب کچھ تیل کمپنیوں کے ہاتھ میں ہے، لیکن 5ریاست میں اسمبلی الیکشن عمل کے ساڑھے4 ماہ کے دوران جس طرح سے پیٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں کسی بھی قسم کا اضافہ نہیں کیا گیا اُس سے صاف ہوگیا ہے کہ قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے میں حکومت کا کتنا رول ہے۔
کمال نے کہا کہ پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کا براہ راست اثر عام آدمی پر پڑ رہا ہے اور لوگوں کیلئے دو وقت کی روٹی کا بندوبست کر پانا بھی مشکل سے مشکل ہوتا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کی صورتحال جہاں ہر طرح سے دگرگوں ہے وہیں ملک میں سب سے زیادہ مہنگائی کی مار بھی جموں و کشمیر کے لوگ ہی بھگت رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کی طرف سے قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے کیلئے کوئی بھی اقدام نہیں اُٹھایا نہیں جارہا ہے اور لوگ انتظامی بے حسی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔
ڈاکٹر کمال نے کہاکہ مرکزی حکومت کے بڑے بڑے وزراءپارلیمنٹ اور بڑی بڑی تقریبوں میں جموں و کشمیر سے متعلق امن و امان اور تعمیر و ترقی کے بلند بانگ دعوے کررہے ہیں لیکن زمینی سطح پر یہ تمام دعوے جھوٹ اور فریب ثابت ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت جموں وکشمیر سے متعلق جھوٹ اور فریب سے دنیا اور ملک کے عوام کو کب تک گمراہ کرتی رہے گی۔
ڈاکٹر کمال نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ مرکزی حکومت نے جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن چھین کر اس تاریخی ریاست کو اندھیروں میں دھکیل دیاہے۔ تعمیر و ترقی کہیں نہیں، امن و امان کے ماحول کو مکمل طور پر بگاڑ دیا گیا ہے، آئے روزگار گولیاں چلتی ہیں ، بم پھٹتے ہیں اور قیمتی جانوں کا اتلاف ہوتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں اس وقت لال فتہ شاہی کا نظام ہے، عوام کا کوئی پُرسان حال نہیں، کورپشن عروج پر ہے اور آئے روز عوام کُش اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔