سرینگر //انفیکشن کنٹرول اکیڈمی آف انڈیا ( آئی ایف سی اے آئی ) حیدرآباد نے ایس کے آئی سی سی سرینگر میں ائیر انڈور اسیسمنٹ پرائیویٹ لمٹیڈ نئی دہلی کے اشتراک سے جموں و کشمیر میں ’’ انفیکشن پریونشن اینڈ کنٹرول پوسٹ کووڈ دور ‘‘ کے عنوان سے پہلی مسلسل طبی تعلیم ( سی ایم ای ) کا انعقاد کیا ۔ لیفٹینٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جبکہ پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر ڈاکٹر سامعہ رشید ، صدر آئی ایف سی اے آئی ڈاکٹر رنگا ریڈی بری ، تمام میڈیکل کالج اور ہسپتالوں کے معززین ، انفیکشن کنٹرول ممبران اور مائکرو بایولوجسٹ نے بھی سی ایم ای میں شرکت کی ۔ شروع میں مشیر بٹھناگر نے کووڈ 19 کے خلاف جنگ میں صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں کے کردار کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ڈاکٹروں ، نرسوں ، کلینیکل آفیسرز اور میڈیکل سپورٹ سٹاف نے بغیر تھکے کام کیا ہے اور اپنے دل و دماغ کو بے لوث طریقے سے دوسروں کی خدمت میں لگا دیا ہے ۔ مشیر نے کہا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے نے کووڈ 19 وبائی مرض کو بڑی پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ سنبھالا اور اس بیماری میں مبتلاء مریضوں کی دیکھ بھال کیلئے تمام ممکنہ وسائل کا استعمال کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جب یو ٹی کامیابی کے ساتھ پہلی کووڈ لہر کے پھیلاؤ کو روکنے میںکامیاب رہی لیکن یہ وہیں نہیں رُکا اور اس بیماری سے لڑنے کیلئے ضروری سہولیات کو بڑھانا جاری رکھا ۔ مشیر بٹھناگر نے کہا کہ انتظامیہ کی طرف سے کافی اقدامات کئے گئے ہیں جن میں بستر کی گنجائش میں اضافہ ، آکسیجن پیدا کرنے کی صلاحیت یا دستیابی ، ادویات اور استعمال کی اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانا اور پروٹوکول یا ہدایات کا انتظام شامل ہے ۔ انہوں نے گذشتہ دو تین برسوں میں جموں و کشمیر میں حاصل کی گئی پیش رفت کا بھی اعتراف کیا اور کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں بے حد تبدیلی آئی ہے ۔ انفیکشن کی روکتھام اور کنٹرول ( آئی پی سی ) کے بارے میں مشیر بٹھناگر نے کہا کہ یہ سب سے اہم موضوعات میں سے ایک بنتا جا رہا ہے جو کووڈ دور کے بعد توجہ حاصل کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی ایم ای کا عنوان ’’ انفیکشن پریونشن اینڈ کنٹرول پوسٹ کووڈ ایرا ‘‘ صحیح وقت پر منعقد کیا جا رہا ہے اور امید ظاہر کی کہ سی ایم ای سے ایک اچھا ایکشن پلان سامنے آئے گا جو انفیکشن ، روکتھام اور کنٹرول میں ہماری مدد کرے گا ۔ ڈاکٹر رنگا ریڈی بری نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ آئی پی سی ایک مرکزی دھارے کا موضوع بنتا جا رہا ہے اور ملک بھر کے زیادہ تر ہسپتال لوگوں کو بہتر تحفظ فراہم کرنے کیلئے مکمل طور پر اپنا رہے ہیں ۔