تمام مہاجرین کو بنیادی حقوق فراہم کرائے جائیں : پینتھرس پارٹی
جموں//پینتھرس پارٹی نے صدر رام ناتھ کووند سے درخواست کی ہے کہ وہ ہندوستان کے تمام مہاجرین (مائگرینٹس) کو مساوی مواقع اور مراعات فراہم کرائے جانے کی ہدایت دیں۔ انہوں نے کہا کہ خواہ وہ لداخ، کشمیر صوبہ یا جموں سے ہوںکیونکہ جموں و کشمیر اور لداخ کے تمام باشندے بنیادی حقوق کے حقدار ہیں، خاص طور پر جموں کے مائگرینٹس جن میں ڈوڈہ، راجوری، پونچھ یا ریاسی شامل ہیں، جنہیں اپنا گھر چھوڑنے پر مجبور کیا گیا تھا۔ پنتھرس پارٹی نے کہاکہ یہ تمام افراد بھی راشن، خوراک کی فراہمی،رہائشی سہولیات سمیت مساوی مواقع کے حقدار ہیں خواہ وہ کشمیر ی یا ڈوڈہ، کشتواڑ، راجوری-پونچھ یا جموں صوبے کے کسی بھی کونے کے مائگرینٹس ہوں۔ سپریم کورٹ آف انڈیا کے برسوں کے عدالتی احکامات اور فیصلوں کے باوجود، تقریباً 5000 بے گھر لوگ جنہیں عام طورپر تلوارہ مہاجر کہا جاتا ہے 20 سال سے محرومیوںکے شکار ہیں۔20 سال تک سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد تلواڑہ کے مائگرینٹس کو کوئی فائدہ نہیں دیا گیا ہے۔ریاسی کے ڈپٹی کمشنر نے تلواڑہ کے بے گھر افراد اور ان کے نمائندوں کو ان کے سامنے اپنا معاملہ پیش کرنے کا موقع دیا ہے۔ یہ امید کی جاتی ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر کی قیادت میں نئی حکومت جموں کے بے گھر افراد کی حالت زار پر پھر سے غور کر ے گی اور تلوارہ مائگرینٹس کو سپریم کورٹ آف انڈیا کی ہدایت کے مطابق کشمیری مائگرینٹس کے مساوی مراعات فراہم کی جائیں گی
ماہ رمضان و نوراترا پر شیعہ فیڈریشن کی تہنیت
جموں//شیعہ فیڈریشن کے لیڈران نے ماہ صیام کے آغاز پر تمام مسلم بھائیوںکو اور نوراترے شروع ہونے پر تمام غیرمسلم بھائیوںکو دلی مبارکباد پیش کی ہے ۔شیعہ فیڈریشن کے سرپرست اعلی سید مختار حسین جعفری و شیعہ فیڈریشن کے صوبہ جموںکے صدر الحاج عاشق حسین خان نے کہا ہے کہ اتفاق سے ماہ مبارک ماہ صیام اور نوراتروںکا آغاز ایک ساتھ ہو رہا ہے ۔دونوںلیڈروںنے اہل اسلام و غیر مسلم بھائیوںکو مبارک ایام کے شروع ہونے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس بات کی امید کا اظہار کیا ہے کہ دونوںتہوار ملک و جموںوکشمیر کے لئے امن و شانتی و بھائی چارہ و پیار و محبت لے کر آئیں۔یہاںپر جو بھی مصائب و الام کی فضا ہے اس کا خاتمہ ہو جائے اور ملک کے چاروں اطراف خوشحالی کا ماحول دیکھنے کو ملے ۔ان دونوںلیڈروںنے کہا ہے کہ دونوںفرقہ کے لوگ روائتی بھائی چارے و امن و شانتی کے ماحول میںان مبارک ایام کو منائیںاور تمام ضلع و تحصیل انتظامیہ عوام کو ہر ممکن سہولیات بہم پہنچانے کا بندوبست چاک و چوبند ی سے کرے ۔ان کی اپیل تھی کہ ان ایام کے تقدس کو دیکھتے ہوئے راشن کی سپلائی ،بجلی و پانی کی سپلائی کو بحال رکھنے کے لئے کوئی کسر نہ رکھی جائے ،ساتھ ہی صاف صفائی و سٹریٹ لائٹیںلگانے کا انتظام کیا جائے ،کیونکہ ان ایام کے دوران لوگ صبح صادق و دیر رات تک عبادت گاہوںکا رخ کرتے ہیںجس کے لئے ہر جگہ سٹریٹ لائٹ کا بندو بست اشد ضروری ہو جاتا ہے ،مساجد میںپانی کی سپلائی کے ساتھ بجلی بلا کٹوتی سپلائی کی جائے تاکہ عبادت گذاروںکو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو ۔
محکمہ اعلیٰ تعلیم کا وِجے کول کو الوداعیہ
جموں//محکمہ اعلیٰ تعلیم نے پرنسپل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کے پرائیویٹ سیکرٹری وِجے کول کو ان کی سبکدوشی پر پُر وقار الوداعیہ دیا۔ اِس موقعہ پر پرنسپل سیکرٹری اعلیٰ تعلیم روہت کنسل نے وِجے کمار کو ان کی میعاد کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارک باد دی اور اَپنے ساتھی اَفسران اور ملازمین کے ساتھ ان کے احسن رویے کی تعریف کی۔ اُنہوں نے آفیسر کو محکمہ اثاثہ قرار دیا جس نے اَپنی مہارت اور تجربے سے دفتر کو مؤثراَنداز میں چلانے میں اہم کردار اَدا کیا۔پرنسپل سیکرٹری نے ان کی شاندار خدمات کو یاد کیا او راُمید ظاہر کی کہ ان کی کارکردگی اور لگن ان کے ساتھیوں کے لئے رہنمائی قوت کے طور پر کام کرے گی۔ اُنہوں نے اُنہیں مستقبل اور سبکدوشی کے بعد صحت مند اور خوشحال زندگی کے لئے نیک تمنائوں کا اِظہار کیا۔
کرایہ دار ان محکمہ کسٹوڈین سے نالاں
جموں//کسٹوڈین کرایہ داران کی ویلفیئر سوسائٹی کے ورکنگ باڈی کے ممبران کی میٹنگ منعقد ہوئی۔میٹنگ اس بات کا انکشاف ہوا کہ کرایہداران کو محکمہ نوٹس دے رہا ہے کہ جس کرایہ دارنے اپنے خرچہ پر مکان کی تعمیر نو یا کوئی تجدیدکی ہے وہ8فیصد کل خرچہ کے حساب سے دفتر کے کھاتہ جمع کرائیںجبکہ یہ دوبارفیصلہ ہوا ہے کہ اگر کرایہ دار اپنے پیسے سے کوئی تجدیدیا تعمیر نو کرتا ہے تو اس سے کوئی پریمیم نہ لیا جائے۔کرایہ داروں کے بقول محکمہ نے خوامخواہ کرایہ داروں کوالجھن میں ڈال کررکھا ہے اورعدالتوں میں زیر التوا کیسوں میں مبتلا کر رکھا ہے۔انہوںنے کہا کہ اگر محکمہ کا یہی رویہ رہا تو کرایہ دار سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے۔
پونچھ میں دولدز سڑک سانحہ پر
الطاف بخاری نے گہرے دُکھ کا اظہار کیا
جموں//اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل مینڈھر کے تراڑاں والی بفلیاز سڑک پر دلدوز سڑک حادثے پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے جس میں چھ افراد کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی جبکہ کئی دیگر شدید طور زخمی ہوئے ہیں۔تعزیتی بیان میں الطاف بخاری نے گہرے رنج والم کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو خصوصی علاج ومعالجہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے غمزدہ کنبوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کی جنت نشینی کے لئے دُعا کی ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ’’میں بار بار اِس خطہ میں ٹریفک بد نظمی پر بات کرنے کے لئے مجبور ہوں، آج تک کئی قیمتیں جانیں تلف ہوچکی ہیں۔ محکمہ ٹریفک اور دیگرمتعلقہ انتظامیہ چاہئے کہ قیمتی انسانی جانوں کو بچانے کے لئے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لایاجائے۔ انہوں نے مزید کہاکہ وہ غمزدہ کنبوں کے دُکھ میں برابر کے شریک ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دُعا گو ہیں۔