رام بن ضلع میں رمضان اور نوراتری تہوار کے انتظامات پر تبادلہ خیال
را م بن //رام بن کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر راجندر شرما نے مذہبی رہنماؤں اور رام بن کے سرکردہ شہریوں کی ایک میٹنگ بلائی ۔میٹنگ میں رمضان کے مقدس مہینے اور ضلع میں نوراتری تہوار منانے کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔مذہبی رہنماؤں کی طرف سے اجاگر کیے گئے مسائل کا جواب دیتے ہوئے اے ڈی ڈی سی نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ضلع بھر میں خصوصاً سحری اور افطار کے اوقات میں پانی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔اے ڈی ڈی سی نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ عوام کے لیے ضروری سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے خاطر خواہ انتظامات کریں اور بازار کی چیکنگ کو تیز کیا جائے تاکہ فروشوں کی طرف سے روزمرہ استعمال کی اشیاء جیسے پھل، سبزیاں، دودھ، پنیر، چکن اور مٹن پر اوور چارجنگ کو روکا جا سکے۔ انہوں نے تمام تحصیلداروں اور میونسپل کونسل رام بن بانہال اور بٹوٹ کے افسران کو صفائی کی کارروائیوں کو تیز کرنے، مساجد اور مندروں کے ارد گرد صفائی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔اے ڈی ڈی سی نے متعلقہ محکموں کی مشترکہ ٹیموں کی تشکیل کی ہدایات بھی جاری کیں تاکہ قیمتوں کے ڈسپلے/فکسیشن، اوور چارجنگ اور مصنوعات کے معیار کو چیک کیا جا سکے۔ضلع کے پرانے بھائی چارے، امن اور محبت کرنے والے کلچر کو سراہتے ہوئے، اے ڈی ڈی سی نے دونوں برادریوں سے کہا کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور حساس معاملات پر صرف سرکاری بیانات پر یقین کریں ۔
ولیج ڈیفنس ممبران کوسرنو ہتھیار فراہم کرنا باعث تشویش:شاہین
بانہال//ولیج ڈیفنس ممبران کو ہتھیار فراہم کرنے سے خط چناب میں اقلیتی طبقہ عدم تحفظ محسوس کررہا ہے،ہمیں خدشہ ہے کہ ان ہتھیاروں سے اکثریتی طبقے کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑے گا ۔۔ ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے رام بن ضلع صدر سجاد شاہین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا۔شاہین نے کہا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے خط چناب میں وی ڈی سی ممبران کو پھر سے متحرک کیا جا رہا ہے اور انہیں ہتھیار فراہم کئے جا رہے ہیں جس سے اس خط میں رہائش پذیر اقلیتی طبقہ عدم تحفظ محسوس کررہا ہے اور ہمیں خدشہ ہے کہ کہیں یہ ہتھیار کل مسلم طبقے پر استعمال نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 ختم کرنے کے بعد جموں کشمیر میں تعمیروترقی پر روک لگ چکی ہے، بیروزگاری کا گراف آسمان کو چھو رہا ہے۔ انہوں نے حدبندی کمیشن رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن مخصوص پارٹی کے اشاروں پر کام کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس پہلے ہی رپورٹ کو مسترد کرچکی ہے۔شاہین نے دعویٰ کیا کہ نیشنل کانفرنس خط چناب میں مضبوط ہے اور لوگ جوق درجوق پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔