منڈی// ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے دریاوں پر کانکنی کا سلسلہ مسلسل جاری ہے جسے روکنے میں پولیس اور محکمہ جیالوجی مکمل طور پر ناکام ثابت ہو رہے ہیں۔ اگر چہ پولیس انتظامیہ ضلع پونچھ کے دریاوں سے کانکنی کو ختم کرنے کے دعوے کر رہی ہے مگر کہیں نہ کہیں منڈی تحصیل کے نالوں سے بجری اور ریت مافیا پولیس اور محکمہ جیالوجی کی لاپرواہی کا پورا فائدہ اٹھا رہا ہے ۔مافیا دن دھاڑے دریاوں سے بجری اور ریت نکال رہا ہے اور پھر اس کے بعد بازاروں میں فروخت کی جاتی ہے۔ ادھر عام لوگوں نے پولیس اور محکمہ جیالوجی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ سارا سلسلہ پولیس اور متعلقہ محکمہ کی ملی بھگت سے چلایا جا رہا ہے۔ عام لوگوں کا کہنا تھا کہ بجری اور ریت مافیا سے منسلک افراد نے مبینہ طورپر پولیس اور محکمہ جیالوجی کے ساتھ ریٹ مقرر کئے ہوئے ہیں اور وہ بغیر کسی ڈر اور خوف کے بجری اور ریت کی کالا بازاری کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ برساتی موسم کے دوران دریائو ں میں طغیانی آتی ہے جبکہ مافیا کی سرگرمیوں کی وجہ سے پہنچے نقصان سے لوگوں کی زمینیں اور آبی زندگی بھی متاثر ہو جاتی ہے ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ریت بجری مافیا اور لاپرواہ ملازمین کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔