عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/منشیات کے خلاف جنگ کو وسیع پیمانے پر جاری رکھتے ہوئے اننت ناگ پولیس نے گرنڈاش علاقے میں کرائے کے ایک مکان پر چھاپے کے دوران تقریباً 95 کلو گرام وزنی منشیات کی ایک بڑی کھیپ برآمد کی۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایک مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن عشمقام کی ایک ٹیم نےایس ڈی پی او پہلگام کی زیر نگرانی گرنڈاش علاقے میں ایک کرایے کے مکان جو مختار احمد بوکڈ ولد رفیق احمد ساکن جموں حال گرانڈش کے قبضے میں ہے، پر چھاپہ مارا۔
انہوں نے کہا کہ یہ چھاپہ مار کارروائی ایگزیکیٹو مجسٹریٹ کی موجودگی میں انجام دی گئی۔انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران فکی کے 6 بیگ بر آمد کئے گئے جن کا کل وزن 95 کلو گرام تھا۔بیان میں کہا گیا اس دوران پرویر احمد بوکڈ ولد بشیر احمد بوکد ساکن آئینو پورہ نامی ملزم کو بر سر موقع ہی گرفتار کیا گیا جبکہ مرکزی ملزم مختار احمد بوکڈ ولد رفیق احمد ساکن جموں حال گرانڈش ہنوز فرار ہے جس کی تلاش کے لئے کوششیں جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن عشمقام میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایف آئی آر زیر نمبر62/2025 میں ایک مقدمہ درج کیا گیا اور اس نیٹ ورک کا پردہ فاش کرنے کے لئے مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ اننت ناگ پولیس منشیات کی بیخ کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہے۔انہوں نے لوگوں سے بھر پور تعاون فراہم کرنے کی اپیل کی۔
اننت ناگ میں 95 کلو فکی برآمد، ایک گرفتار: پولیس
