عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/حکام نے بدھ کے روز بتایا کہ 60 پاکستانی ازواج، جو سابق کشمیری ملی ٹینٹوںسے بیاہی گئی تھیںکو واہگہ-اٹاری سرحد کے راستے پاکستان واپس بھیج دیا گیا ہے۔حکام کے مطابق یہ کاروائی 22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد کی گئی، جس میں 26 عام شہری، جن میں 25 سیاح اور ایک مقامی باشندہ شامل تھا، جاں بحق ہوئے تھے۔
ان خواتین کو سرینگر، بارہ مولہ، کپواڑہ، بڈگام اور شوپیاں اضلاع سے اٹھایا گیا اور بسوں کے ذریعے پنجاب لے جایا گیا، جہاں انہیں پاکستانی حکام کے حوالے کیا گیا۔زیادہ تر خواتین 2010 کی سابق ملی ٹینٹوں کی بحالی پالیسی کے تحت کشمیر میں داخل ہوئی تھیں۔
اس کے علاوہ، 11 پاکستانی شہری، جو تقریباً 45 سال قبل درست ویزا پر بھارت آئے تھے اور منڈھر اور پونچھ میں غیر قانونی طور پر مقیم تھے، کو بھی واپس بھیج دیا گیا۔
پہلگام حملے کے بعد، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو ہدایت دی تھی کہ اپنے اپنے علاقوں میں موجود پاکستانی شہریوں کی شناخت کر کے انہیں فوری طور پر ملک بدر کیا جائے۔
سابقہ ملی ٹینٹوں کی 60پاکستانی ازواج ملک بدر
