مینڈھر میں پولنگ بوتھ کے باہر جھڑپ میں 6 افراد زخمی

عظمیٰ ویب ڈیسک

مینڈھر//پونچھ ضلع کی مینڈھر سب ڈویژن میں ہفتہ، 25 مئی کو ایک پولنگ تھانہ کے باہر دو امیدواروں کے حامیوں کے درمیان جھڑپ میں 5 خواتین سمیت 6 افراد کو معمولی چوٹیں آئیں۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ مینڈھر کے پولنگ بوتھ نمبر 82 محلہ ڈوگیاں میں دو گروپوں کے درمیان ہوئی جھڑپ میں خواتین سمیت 6 لوگ زخمی ہوئے ہیں۔
اسی دوران پونچھ کے شاہ پور سیکٹر میں بھی پولنگ سٹیشن پر بھی جھڑپ میں ایک خاتون سمیت کم از کم 4 افراد زخمی ہوئے، ووٹنگ بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہی کیونکہ پولیس نے مداخلت کی اور تصادم کرنے والے گروپوں کو الگ الگ کر دیا۔
حکام نے بتایا کہ پولیس نے ایف آئی آر درج کر لی ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
پونچھ اننت ناگ-راجوری پارلیمانی حلقہ کا حصہ ہے جہاں ہفتہ کو چھٹے مرحلے میں پولنگ ہو ئی۔ یہ واضح کیا جاتا ہے کہ پولنگ سٹیشن کے باہر ایک معمولی ہاتھا پائی ہوئی جس میں چند افراد کو معمولی چوٹیں آئیں۔
ڈپٹی کمشنر پونچھ کے دفتر نے ایکس پر کہا، ” جھگڑے کو وقت پر روک دیا گیا اور اس معاملے میں ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ پولنگ میں کسی بھی وقت رکاوٹ نہیں آئی اور آسانی سے چلتی رہی”۔