عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر میں اتوار کو گرمی کی لہر نے 57سالہ ریکارڈ برابر کردیا۔سرینگر میں اتوار کو درجہ حرارت 36.2 ریکارڈ کیا گیا جو کہ 1946 کے بعد جولائی کے مہینے میں چوتھا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔موسمیاتی مرکز سرینگر نے جموں و کشمیر کے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کی تفاصیل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سرینگر ضلع میں جولائی 1946 کے بعد سے آج کا چوتھا سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔اس نے کہا کہ جولائی کے مہینے میں اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت 38.3 ڈگری سینٹی گریڈ 10 جولائی 1946میں درج ہوا ہے۔دوسرا زیادہ سے زیادہ درجہ حرار9جولائی 1999 کو 37 ڈگری ، تیسرا سب سے زیادہ درجہ حرارت 1997 میں 36.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جب کہ چوتھا سب سے زیادہ درجہ حرارت اتوار 28 جولائی 2024 کو 36.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ 28جولائی 2024 کو قاضی گنڈ میں آج تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت 35.6 ڈگری سینٹی گریڈ درج کیاگیا ہے، جبکہ اس سے قبل 11 جولائی 1988 کو یہ 34.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔کوکرناگ میں آج تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت 34.1 ڈگری تھا جبکہ 3 جولائی 2024 کو دوسرا سب سے زیادہ درجہ حرارت 33.3 ڈگری سینٹی گریڈ تھا اور تیسرا سب سے زیادہ درجہ حرارت 8 جولائی 1993 کے دوران 33 ڈگری درج کیا گیا تھا۔کوکرناگ میں آج دن کا درجہ حرارت 34.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ماضی کا ریکارڈ 33.3 ڈگری سینٹی گریڈ تھا جو 3 جولائی 2024 کو ریکارڈ کیا گیا تھا (اب یہ جولائی کے مہینے میں اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔
سیزن کی گرم ترین رات ، 132 برسوں میں تیسری گرم ترین رات
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// شدید گرمی اور گرم اور مرطوب موسمی حالات کے درمیان، سرینگر میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات موسم کا سب سے گرم ترین کم سے کم درجہ حرارت 24.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر مختار احمد نے کہا کہ دوسرا اب تک کا سب سے زیادہ کم سے کم درجہ حرارت 26 جولائی 2021 کو 24.8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جب کہ 21 جولائی 1988 کو کم از کم درجہ حرارت 25.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ سرینگر میں رات کا درجہ حرارت دن کے درجہ حرارت کے مقابلے میں تھا جو عام طور پر مئی کے وسط میں تجربہ کیا جاتا تھا۔وادی کشمیر کے دیگر مقامات پر ریکارڈ کیا گیا کم از کم درجہ حرارت بھی ہفتہ اور اتوار کی درمیانی راتوں کے دوران معمول سے 3 سے 8 تک ریکارڈ کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ 29 جولائی کو گرم اور مرطوب موسم کے درمیان وادی کشمیر کے کچھ حصوں میں بارش کے امکانات 55 فیصد رہنے کا امکان ہے اور اس کے ساتھ درجہ حرارت 1 سے 4 ڈگری تک گر سکتا ہے۔31 جولائی سے 1 اگست تک، دن کا درجہ حرارت 33 کی حد میں رہ سکتا ہے، اس کے درمیان بارش کا امکان ہے۔ تاہم ابھی تک مسلسل بارش کی توقع نہیں ہے۔30 جولائی سے 1 اگست تک، دن کا درجہ حرارت 29 سے 33 کے درمیان رہ سکتا ہے۔ درمیان میں بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ جموں ڈویژن کے راجوری میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 88.4 ملی میٹر، جموں میں 64.4 ملی میٹر، کٹرا میں 21.6 ملی میٹر اور کٹھوعہ میں 20.8 ملی میٹر بارش ہوئی۔کشمیر ڈویژن کے الگ تھلگ مقامات پر آج ہلکی بارش/گرج چمک کے ساتھ بارش اور جموں ڈویژن کے کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش/گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔29 سے 31 جولائی تک موسم عام طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور کشمیر ڈویژن اور جموں ڈویژن کے وسیع مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش/گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔