اسلامی تنظیموں کا 5 رکنی وفد ایل جی سنہا سے ملاقی

سری نگر//جموں و کشمیر کی اسلامی تنظیموں کے ایک 5 رکنی وفد نے پیر کے روز لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی اور کئی علماء کی گرفتاری اور پھلوں کے کاشتکاروں کو درپیش مسائل سمیت کئی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایل جی سنہا سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وفد کے ایک رکن بشیر احمد نے کہا کہ انہوں نے ایل جی کے ساتھ کئی مسائل پر بات چیت کی جس میں وادی کشمیر میں گزشتہ چند دنوں کے دوران کئی مذہبی علماء کی گرفتاری اور پھل کاشتکاروں کو درپیش مسائل شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے یہ مسائل ایل جی سنہا کے نوٹس میں لائے جنہوں نے صبر و تحمل سے سنا اور ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔
دریں اثنا، صحافیوں سے بات کرتے ہوئے، غلام رسول حامی نے کہا کہ انہوں نے ایل جی کے ساتھ متعدد مسائل بالخصوص مذہبی علماء کی گرفتاری کا معاملہ اٹھایا اور ایل جی نے اس معاملے میں انہیں مثبت جواب دیا۔
انہوں نے کہا،”ہمیں ایل جی سنہا کی طرف سے مثبت جواب ملا اور امید ہے کہ گرفتار مذہبی علماء کو جلد رہا کر دیا جائے گا۔ ہم نے پھل کاشتکاروں کا مسئلہ بھی اٹھایا، جنہیں اپنی پیداوار کی نقل و حمل میں مسائل کا سامنا ہے۔ ایل جی نے مثبت جواب دیا اور کہا کہ حکومت اس سلسلے میں اقدامات کرے گی“۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران وادی کشمیر میں کئی مذہبی علماء کو گرفتار کیا گیا، جب کہ ان میں سے چند کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔