اننت ناگ// جنوبی ضلع اننت ناگ میں منشیات سمگلنگ کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے پولیس نے 5 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے 31 کوڈین فاسفیٹ کی بوتلیں برآمد کیں۔
پولیس کے مطابق جرم میں استعمال ہونے والی گاڑیاں بھی ضبط کر لی گئیں۔
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ ہالمولہ سنگم میں معمول کی چیکنگ کے دوران ایک گاڑی کو روکا گیا، اور تلاشی لینے پر تین افراد کے قبضے سے 21 کوڈین فاسفیٹ کی بوتلیں برآمد ہوئیں۔
ملزمان کی شناخت جاوید احمد شیخ، ساکن کوچمولہ ترال، محمد الطاف شیخ ساکن کنہامہ نوگام، سرینگر، اور محمد ہارون پری، ساکن چر سو، اونتی پورہ کے طور پر ہوئی ہے۔
تینوں ملزمان کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا جبکہ ضبط شدہ منشیات اور گاڑی کو بھی پولیس نے قبضے میں لے لیا۔
ایک اور کارروائی کے دوران پولیس نے جابلپورہ قومی شاہراہ پر فروٹ منڈی کے قریب جیوپیٹر کارگو ٹرانسپورٹ کمپنی سرینگر کے ایک ٹرک کو تلاشی کے لیے روکا۔ تلاشی کے دوران ٹرک سے 10 کوڈین فاسفیٹ کی بوتلیں برآمد ہوئیں۔
ٹرک ڈرائیور جاوید احمد شاہ اور کنڈکٹر شبیر احمد شاہ، دونوں ساکن باہو اونتی پورہ کو گرفتار کر لیا گیا۔ ٹرک ضبط کر لیا گیا ہے، اور معاملے کی تحقیقات کے لیے کیس درج کر لیا گیا ہے۔