عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر حکومت نے کہا کہ وزیر اعظم آواس یوجنا (PMAY) اسکیم کے تحت 498 بے زمین خاندانوں کو رہائشی مکانات کی تعمیر کے لیے 5 مرلے زمین فراہم کی گئی ہے۔
دیہی ترقی اور پنچایتی راج کے وزیر نے محمد یوسف تاریگامی کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ خاندان جو اپنی زمین نہیں رکھتے، انہیں PMAY کے تحت 5 مرلے زمین فراہم کی جا رہی ہے۔ یہ زمین محکمہ مال کی تصدیق کے بعد دی جاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بے زمین پس منظر سے تعلق رکھنے والے توسیعی خاندانوں کو بھی اسکیم کی شرائط و ضوابط اور جاری کردہ رہنما اصولوں کے مطابق زمین کی الاٹمنٹ پر غور کیا جا سکتا ہے۔
وزیر نے کہا کہ جموں و کشمیر میں زمین کے حصول، بازآبادکاری میں منصفانہ معاوضہ اور شفافیت کا حق 2013نافذ العمل ہے، اور اس کے تحت سیکشن 27 اور سیکشن 30 کی ذیلی شق (2) کے مطابق معاوضہ طے کیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب تک 498 افراد کو زمین الاٹ کی جا چکی ہے، 2,727 کیسز مسترد کر دیے گئے ہیں، جبکہ 442 کیسز ریونیو حکام کے زیر غور ہیںـ