یاترا پہلے بھی ہوتی رہی، بندشیں نہ تھیں
حکومت لائحہ عمل مرتب کرے:حسنین مسعودی
سرینگر//حکومت سے میوہ بردار گاڑیوں کو شاہراہ پر پابندی سے مستثنیٰ رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس نے کہا ہے کہ ٹرکوں کا شاہراہ پر روکنے سے میوہ راستے ہی سڑ رہا ہے اور مالکان باغات اور اس طبقہ سے وابستہ لوگوں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔ رکن پارلیمان جسٹس (ر) حسنین مسعودی نے کہاکہ امرناتھ یاترا کی سیکورٹی کے نام پر لگائی گئی سخت ترین پابندیوں سے میوہ سڑ رہا ہے۔ مسعودی نے حکومت سے اپیل کی کہ جنگی بنیادوں پر ایک ایسا لائحہ عمل مرتب کیا جائے جس سے مقامی لوگوں کے معمولات بھی چل سکیں اور یاترا کی حفاظت کو بھی یقینی بنایا جائے اور جب تک اس بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں لیا جاتا اُس وقت تک میوہ بردار ٹرکوں، سکولی بسوں ، مریضوں اور ملازمین کو پابندی سے مستثنیٰ رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر پابندی کی نوبت کیوں آن پڑی، یہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ 1990کے پُرآشوب دور میں بھی یہاں یاترا خوش اسلوبی کیساتھ چلتی رہی اور آج تک کوئی سڑک بند نہیں کی گئی۔ حسنین مسعودی نے اس بارے میں صوبائی کمشنر اور آئی جی ٹریفک کیساتھ بھی رابطہ کیا اور اُن پر زور دیا کہ ایک پالیسی مرتب کی جائے جس کے ذریعے یاترا بھی خوش اسلوبی کیساتھ جاری رہے اور یہاں کے مقامی آبادی کا کام کاج اور روز مرہ کے معاملات پر بھی کوئی اثر نہ پڑے۔
سرینگر جموں شاہراہ پر مال بردار ٹرکوں کی آمدورفت پربندش
سوپور میں میوہ تاجروں کا احتجاج،حکومت سے مداخلت کی اپیل
غلام محمد
سوپور// سوپور میں ایشیا کی دوسری سب سے بڑی فروٹ منڈی میں پھلوں کے تاجروں نے ہفتہ کو فروٹ منڈی کے اندر سرینگر جموں قومی شاہراہ پر پھلوں سے لدے ٹرکوں کی نقل و حرکت پر بندش کے خلاف احتجاج کیا۔فروٹ منڈی سوپور سے وابستہ مختلف تاجر، کاشتکار، ٹرانسپورٹرز، مزدور اور دیگر تاجر منڈی میں جمع ہوئے اور قومی شاہراہ پر تازہ اور ابتدائی اقسام کے پھلوں سے لدے ٹرکوں کو روکنے کے خلاف پرامن احتجاج کیا۔احتجاجی تاجروں کا کہنا تھا کہ شاہراہ پر ٹرکوں کے مسلسل رکنے کی وجہ سے بھاری بھرکم پھل ہائی وے پر سڑ جاتے ہیں اور ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پھلوں کی ابتدائی اقسام کا عروج کا سیزن ہے اور ہمیںنقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ فروٹ ڈیلرز ایسوسی ایشن سوپور کے صدر فیاض احمد ملک نے بتایا کہ سال 2019 میں دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد اور سرینگر کے ساتھ ساتھ متعدد مقامات پر پولیس کی طرف سے پھلوں سے لدے ٹرکوں کو غیر ضروری روکنے کی وجہ سے تاجروں کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا تھا۔انہوں نے کہا کہ امرناتھ یاترا کے پیش نظر شاہراہ پر تازہ پھلوں سے لدے ٹرکوں کو روکنے کے لئے انتظامیہ کی طرف سے اٹھائے گئے حالیہ اقدامات تشویشناک ہیں کیونکہ اس سے تاجروں کو ایک بار پھر بھاری نقصان ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا”چونکہ سیب کی ابتدائی اقسام اور دیگر پھلوں جیسے آڑو، بیر، ناشپاتی وغیرہ کی کٹائی آج کل باہر کی ریاستوں میں فروخت کے لیے تیار ہے اور ان اقسام کو فوری طور پر خراب ہونے والا سمجھا جاتا ہے اس لیے جموں و کشمیر سے باہر مختلف مقامات پر فوری نقل و حمل کی ضرورت ہے” ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ یاتریوں کا خیرمقدم کرتے ہیں لیکن انتظامیہ کو تازہ پھلوں سے لدے ٹرکوں کی نقل و حمل پر غور کرنا چاہیے اور فوری اقدامات کرنے چاہئیں، تاکہ کاشتکاروں کو کسی نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑے۔فیاض احمد ملک نے مزید کہا کہ “ہم نے بار بار متعلقہ حکام سے درخواست کی ہے اور ہم دوبارہ ایل جی انتظامیہ سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اس معاملے کو ایک بار کے لیے حل کرنے کے لیے دیکھیں۔”
تاجر برادری بھاری نقصان سے دوچار:کشمیر ٹریڈرز الائنس
سرینگر//کشمیر ٹریڈرز الائنس نے کہا کہ سرینگر جموں شاہراہ پر گاڑیوں پر لگائی گئی پابندیوں سے تاجر برادری کو بھاری نقصان ہو رہا ہے۔ صدر اعجاز شہدار نے ایک بیان میں کہا کہ حکومت کو تمام معاملات میں توازن پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا”ہم یاترا کے خلاف نہیں ہیں درحقیقت کشمیری برادری نے ہمیشہ ان مہمانوں کا خیر مقدم کیا ہے لیکن انتظامیہ کو مقامی تاجر برادری کے بارے میں بھی سوچنا چاہیے۔ “انہوں نے مزید کہا”ہم نے تجارت کے مختلف طبقوں کے نمائندوں کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی جن کو یاترا کے دوبارہ شروع ہونے کے بعد لگائی گئی ٹریفک پابندی کی وجہ سے بہت زیادہ نقصان ہو رہا ہے، ہمارے کروڑوں روپے مالیت کے پھلوں سے لدے ٹرک ہائی وے پر خراب ہو گئے ہیں، بھیڑ بکریوں کے ٹرکوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔عید سے پہلے سپلائی متاثر ہو رہی ہے جو تشویشناک ہے۔انہوں نے کہا کہ “حکومت کو ان ٹریفک پابندیوں کو ختم کرنا چاہیے جو ہماری معیشت کو پٹڑی سے اتار رہے ہیں، یہ پہلی بار نہیں ہے کہ یاترا ہو رہی ہے، لیکن انتظامیہ نے اس وقت ہماری زندگی کو مشکل بنا دیا ہے جس کی مثال نہیں ملتی”۔
معیشت کیلئے نقصان دہ :ارشاد کار
سرینگر//نیشنل کانفرنس سینئر لیڈر ارشاد رسول کار نے بھی شاہراہ پر پھلوں کے ٹرکوں کو روکے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرینگر جموں شاہراہ پر پھلوں سے لدے ٹرکوں کی کئی دنوں تک بندش سے مقامی فروٹ صنعت کو بہت زیادہ نقصان پہنچ رہا ہے۔ارشاد رسول کار نے پھلوں کے کاشتکاروں اور تاجروں کی حالت زار کے تئیں انتظامیہ کے لاتعلق رویہ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پھلوں سے لدے ٹرکوں کے بار بار رکنے سے کشمیر کی معیشت اور باغبانی کی پیداوار بہت پہلے ہی خراب ہو رہی ہے۔ کار نے کہا کہ صورتحال سے نمٹنے کا بہترین طریقہ سرینگر جموں ہائی وے کو اپ گریڈ کرنا، ٹریفک کی پریشانی سے پاک نقل و حرکت کو یقینی بنانا اور مغل روڈ کو سری نگر جموں ہائی وے کے ہر موسم کے متبادل کے طور پر تیار کرنا ہے۔
بندشیں غیر مناسب ،ایل جی انتظامیہ متبادل تلاش کرے: سنجے صراف
سرینگر//بلال فرقانی// راشٹریہ لوک جن شکتی پارٹی کے جنرل سیکریٹری سنجے صراف نے کہا کہ نازک میوہ جات اور بھیڑ بکریوں سے لدی گاڑیوں کو روکنے سے تاجروں کو نقصانات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ سرینگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنجے صراف نے 3برسوں کے بعد سالانہ امرناتھ یاترا کو نیک شگون قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ یاترا خوش اسلوبی اور بہ حفاظت اختتام پذیر کو پہنچے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی ہی کی طرح اکثریتی فرقے پر یاترا کو محفوظ اور کامیاب بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔صراف نے تاہم اس دوران یاتریوں کی جموں سے وادی تک نقل و حرکت کے دوران سرینگر جموں شاہراہ پر اشیائے ضروریہ،پھلوں و میوہ جات اور عید الضحیٰ کیلئے ساز و سامان اور مال سے بھری گاڑیوں کی ہمہ وقت نقل و حرکت کو یقینی بنانے کیلئے متبادل تلاش کرنے پر زور دیا۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں اس وقت کئی میوہ جات تیار ہوچکے ہیں جو بیرون منڈیوں تک جاتے ہیں اور اگر سفر کے دوران ان گاڑیوں کو مزید ایک دن بھی رکنا پڑے تو یہ میوہ خراب ہوگا،جبکہ اسی طرح بیرون منڈیوں سے بھیڑ بکریوں سے بھری گاڑیوں کو روکنے سے بھی ان میں موجود جانور نہ صرف مرجاتے ہیں بلکہ وادی میں عید کے پیش نظر گوشت وقربانی کے جانوروں میں بھی کمی واقع ہونے کا خدشہ ہے۔ ۔اس موقعہ پر گاندربل سے آئے کارکنوں نے آر ایل جی پی میں شمولیت کا اعلان کیا،جن میں ایک سرپنچ بھی شامل ہے۔ سنجے صراف نے عید الضحیٰ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے انتظامیہ پر زور دیا کہ عید کی مناسبت سے لوگوں کو اشیائے ضروریہ بہم رکھے جبکہ بازاروں میں ناجائز منافع خوری کو ختم کرنے کیلئے عملی طور پر اقدمات اٹھانے چاہے۔
ہاکنار گنڈ سڑک حادثہ میں2افراد زخمی
غلام نبی رینہ
کنگن//ہاکنار گنڈ میں سڑک کے ایک حادثے میں 2 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ہاکنار گنڈ میں ٹاٹا سومو زیر نمبر 8404/JK04C اور ٹاٹا موبائل زیر نمبر 5784/JK01Q کے درمیان ٹکر ہوگئی ،جس کے نتیجے میں 2 افراد جن کی شناخت راجو کمار ولد دیارام ساکن یوپی خورشید احمد ڈار ولد غلام محمد ڈار ساکن بونی یار زخمی ہوگئے ہیں،کو علاج و معالجہ کیلئے ٹراما ہسپتال گنڈ منتقل کیا گیا ،جہاں سے ان کو بہتر علاج کے لئے سب ڈسٹرک ہسپتال کنگن منتقل کیا گیا ہے ۔گنڈ پولیس نے حادثے سے متعلق کیس درج کرلیا ہے۔
جموں کشمیر میں پہلی بار
مریض کے پھیپھڑوں سے پروٹین نکالنے کی کامیاب جراحی
پرویز احمد
سرینگر //جموں و کشمیر میں پہلی مرتبہ ایک 50سالہ مریض کے پھیپھڑوں سے Protein صاف کرنے کیلئے جراحی انجام دی گئی ۔سی ڈی اسپتال ڈلگیٹ میں انجام دی گئی اس مخصوص جراحی میں مریض کے پھیپھڑوں سے پروٹین کو صاف کرنے کیلئے 15لیٹر پانی کا استعمال کیا گیا ۔ جراحی جی ایم سی سرینگر میں انجام دی گئی۔ جراحی کرنے والی ٹیم کی سربراہی شعبہ امراض چھاتی کے سربراہ ڈاکٹر نوید نذیر کررہے تھے جبکہ ان کے ہمراہ پروفیسر خورشید احمد ڈار ڈاکٹر محمد یوسف ، ڈاکٹر فردوس منظور، ڈاکٹر تجمل حسین، ڈاکٹر زبیر ، ڈاکٹر حنا ، ڈاکٹر عالیہ، ڈاکٹر شہنواز اور دیگر ڈاکٹر موجود تھے۔ استھسیا ٹیم کی سربراہی ایچ او ڈی انستھیسیا پروفیسر رخسانہ نجیب جبکہ ان کے ہمراہ ہلال احمد اور دیگر افراد بھی شامل تھے۔ جی ایم سی سرینگر کے ترجمان ڈاکٹر محمد سلیم خان نے بتایا ’’ چھاتی کے امراض کے شعبہ نے سنیچر کو ایک 50سالہ مریض کے دونوں پھیپھڑوں سے پروٹین باہر نکالنے کیلئے Whole lung Lavageنامی جراحی کو انجام دیا ‘‘۔انہوں نے کہا کہ پھیپھڑوں میں پروٹین جمع ہونا کافی کم مریضوں میں پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ مریضوں میں صرف0.2.سے 0.6فیصد لوگوں میں یہ بیماری پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریض پچھلے ایک ماہ سے دمہ کی شکایت کررہا تھا اور اس کے جسم میں آکسیجن کی مقدار بھی کافی کم تھی۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اسپتال نے امریکہ کےCincinnati Children’ centre (USA) کی مدد سے مریض کے دونوں پھیپھڑوں میں پروٹین جمع ہونے کی بیماری کا پتہ لگایا ۔ انہوں نے کہا کہ اس بیماری کے دوران مریض کے جسم میں دودھ کے طرز کا پروٹین پھیپھڑوں میں جمع ہوتا ہے اور اس سے سانس لینے میں تکلیف ہوتی ہے جس کی وجہ سے جسم میں آکسیجن کی کمی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جراحی تین گھنٹوں تک جاری رہی اور اس دوران 15لیٹر saline Waterاستعمال کیا گیا ۔مریض کے رشتہ داروں نے کامیاب جراحی پر خوشی کا اظیار کیا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ سی ڈی اسپتال ملک کے چند اسپتالوں میں شامل ہوگیا ہے جہاں اس مخصوص بیماری کا کامیاب علاج دستیاب ہے۔
جموںوکشمیر میں فلم شوٹنگ کے اِمکانات پر پینل ڈسکشن کا اِنعقاد
محکمہ سیاحت کی ممبئی میں پانچویں جی ایف ٹی سی میں شرکت
ممبئی//جموںوکشمیر محکمہ سیاحت نے یہاں جو ہو بیچ کے نووٹیل ممبئی میں منعقدہ پانچویں گلوبل فلم ٹوراِزم کنکلیو ( جی ایف ٹی سی ) میں گولڈ سپانسر کے طورپر شرکت کی۔اِس موقعہ پر مرکزی وزیر برائے اقلیتی اَمور مختار عباس نقوی مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔اِس کانفرنس میں مرکزی سیکرٹری سیاحت اروند سنگھ، رندھیر کپور ، منوج جوشی ، انیس بھزمی ، راہل راویل ، نند یتا پوری جیسے فلمی صنعت کے معززین نے بھی شرکت کی۔مہمان خصوصی مختار عباس نقوی نے دیگر معززین کے ساتھ جموںوکشمیر سیاحت سٹال کا دورہ کیا جس کی نمائندگی سی اِی او گلمرگ ڈیولپمنٹ اَتھارٹی غلام جیلانی زرگر نے کی۔اِس موقعہ پر سپیشل سیکرٹری محکمہ سیاحت جموںوکشمیر اَمرجیت جیت سنگھ نے جموںوکشمیر میں مختلف مقامات، سہولیات اور فلم پروڈکشن کے لئے مراعات کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن دی۔دورانِ پینل ڈسکشن سپیشل سیکرٹری ٹوراِزم نے فلم پالیسی کو بہترین اَنداز میں پیش کیا اور فلم سازوں کو متاثر کیا کہ وہ جموںوکشمیر میں آکر شوٹنگ کریں اور جموںوکشمیر کی قدیم خوبصورتی کو دیکھیں۔ اْنہوں نے ان سے مراعات کا فائدہ اْٹھانے کو بھی کہا کیوں کہ جموںوکشمیر میں سیاحت کو صنعت کا درجہ دیا گیا ہے۔امرجیت سنگھ نے تارک مہتا کا اْلٹا چشمہ فیم کے اسیت مودی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ جموںوکشمیر میں فلموں ، گیتوں ، دستاویزی فلموں ، سیریز ، ٹی وی سیریلوں وغیرہ کی شوٹنگ کے لئے اِجازت نامہ جاری کرنے کاسِنگل وِنڈو سسٹم ہے۔اْنہوں نے ریڈ چلی پروڈکشن کے جین کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہیں عملے کے لئے رہائش پردی جانے و الی رعایتوں اور فیس کی ادائیگی کے بارے میں بتایا۔ایک ٹورسٹ گائیڈ شکیل احمد کے بارے میں حوالہ دیتے ہوئے جوکہ کچھ دِن پہلے پہلگام علاقے میں ایک سیاح کو بچانے کی کوشش کرتے ہوئے فوت ہو گیا تھا۔سپیشل سیکرٹری نے مہمان نوازی او رجموں و کشمیر میں سیاحتی شعبے سے وابستہ خدمات فراہم کرنے والوں کی وابستگی اور پروڈکشن ہاؤسز سے درخواست کی کہ وہ جموں و کشمیر کو ان کی میزبانی کا موقع دیں۔ایچ اِی پانامہ ، جمہوریہ کیوبا ، پولینڈ کے سفیروں ، سپین ٹوراِزم کے ڈائریکٹر نے بھی اَپنے ممالک میں فلم پروڈکشن کی سہولیات کے بارے میں اَپنے خیالات پیش کئے۔دورانِ کنکلیو جموںوکشمیر کے دورے پر آئے اَفسران نے میڈیا کے ساتھ بات چیت کی اور فلموں ، سیریلوں ، شارٹ فلموں ، ویب سیریز ، گیتوں اور دیگر شوٹنگ کے لئے جموں و کشمیر کے اِمکانات کو اْجاگر کیا۔
کانگریس متحد ،ہر گائوں میں سرگرمیاں تیز ہوں گی :میر
عارف بلوچ
اننت ناگ //کانگریس متحد ہے اور عیدالاضحی کے بعد پارٹی ہر گائوں میں اپنی سرگرمیاں تیز کرے گی، آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس سب سے بڑی جماعت بن کر ابھرے گی۔ کانگریس کے ریاستی صدر غلام احمد میر نے اموہ ویری ناگ میں ورکرس کنونشن کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، کشمیریوں نے ہمیشہ یاترا کا دل کھول کر استقبال کیا تاہم جاری یاترا کیلئے ایسا ماحول بنایا گیا جیسے یاتریوں اور کشمیریوں کے درمیان جنگ چھڑی گئی ہے، پٹری والوں کو بے روزگار کیا گیا، جگہ جگہ راستوں کو بند کر دیا گیا جس سے عام لوگ بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔میر نے کہا کہ گذشتہ روز آل پارٹیز میٹنگ میں گورنر سے سبھی سیاسی لیڈران نے مسئلہ اٹھایا جس پر گورنر نے یقین دلایا کہ اگلے چند روز تک سیکورٹی کا از سر نوجائزہ لیا جائے گا۔اس سے پہلے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے میر نے ورکران پر زور دیا کہ وہ پارٹی کو مزید مستحکم بنانے میں اپنا رول نبھائے۔کنونشن میں پارٹی کے ضلع صدر گلزار احمد وانی کے علاوہ دیگر اہم کارکنان نے بھی خطاب کیا۔
2015 سے واٹر ٹیکس ادا کرنے کا فیصلہ من مانا
کسان تحریک
سرینگر // جموں و کشمیر انتظامیہ کی جانب سے کسانوں پر پانی کے ٹیکس کو دوبارہ نافذ کرنے کے فیصلے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کسان تحریک نے کہا کہ یہ فیصلہ کسانوں کے خلاف ہے ۔ جموں و کشمیر کسان تحریک کے جنرل سیکرٹری غلام نبی ملک نے ہفتہ کو مطالبہ کیا کہ اس فیصلے کو فوری طور پر منسوخ کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ کسانوں سے واٹر ٹیکس معاف کرنے کا فیصلہ ریاستی حکومت نے لیا تھا اور اس کا اعلان اسمبلی میں کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ جس زرعی اراضی کیلئے انتظامیہ نے واٹر ٹیکس کی ہدایات جاری کی ہیں، ان میں سے کچھ کو تب سے دوسرے مقاصد کے لیے تبدیل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کسانوں کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے جب انہیں سابق حکومت کی جانب سے سہولت دی گئی تھی تو موجودہ حکومت اب ادائیگی کرنے پر مجبور کر رہی ہے ۔جنوبی اور شمالی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں آبپاشی کی نہریں خشک ہو رہی ہیں کیونکہ نہروں میں کٹائی کا کام نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے کسان پانی کی کمی کی شکایت کر رہے ہیں۔
بی جے پی نپور شرماسے اپنا کام کرا رہی ہے:سوز
سرینگر//سابق مرکزی وزیر اور سینئر لیڈر پروفیسر سیف الدین سونے کہا کہ بی جے پی کی نیشنل ترجمان نپور شرما (Nupur Sharma) کے پیغمبر اسلام ؐکے خلاف نازیبا الفاظ پر سپریم کورٹ کے تادیبی تاثرات کے باوجود وہ مسلسل اپنا کام کاج ٹھیک سے کر رہی ہے اور ُاس کے خلاف بی جے پی نے کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی ہے۔ پروفیسر سیف الدین سوزؔ، سابق مرکزی وزیر نے میڈیا کے نام مندرجہ ذیل بیان جاری کئے ہیں ’’بی جے پی کی نیشنل ترجمان نپور شرما (Nupur Sharma) کے خلاف سپریم کورٹ کے تادیبی تاثرات کے باوجود وہ مسلسل اپنا کام کاج ٹھیک سے کر رہی ہے اور اُس کے خلاف بی جے پی نے کوئی تادیبی کاروائی عمل میں نہیں لائی ہے۔ اس طرح ایک لحاظ سے آر ایس ایس بی جے پی بجائے خود سپریم کورٹ کے خلاف کمربستہ ہے!
جموں کشمیر کی 6غیر فعال سیاسی جماعتوںکی رجسٹریشن منسوخ
سرینگر// الیکشن کمیشن آف انڈیا نے جموں کشمیر کی غیر فعال 6سیاسی جماعتوں کا اندراج منسوخ کردیا ہے۔کمیشن نے پورے ملک میں 11سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن منسوخ کردی ہے۔ کمیشن کے ایک حکم کے مطابق جموں و کشمیر کی 6 رجسٹرڈ غیر تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کا اندراج ختم کر دیا گیاہے۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ زمینی سطح پر ان پارٹیوں کا کوئی وجود نہیں ہے،یہ تمام ایسی پارٹیاں ہیں، جو انتخابات کے دوران اپنے پراکسی امیدوار انتخابات میں اتارتی ہیں اور بعد میں بڑی جماعتوں کے امیدواروں سے بڑی مقدار میں پیسہ وصول کر کے اپنے امیداروں کو واپس لے لیتی ہیں۔ قیام میں آنے کے سالوں بعد بھی یہ پارٹیاں زمینی سطح پر غیر فعال پائی گئیں اور ان جماعتوں کو کمیشن کی جانب سے تصدیق کیلئے نوٹس جاری کئے گئے تھے تاہم یہ جماعتیں اپنی تصدیق کرنے میں ناکام رہیں اور اب الیکشن کمیشن نے ان کا اندراج منسوخ کر دیا ہے۔تصدیق کے دوران پتہ چلا ہے کہ یہ پارٹی محض کاغذوں میں موجود ہیں، لیکن زمینی سطح پر ان کا کوئی وجود نہیں ہے اور کمیشن کی طرف سے جاری کردہ خطوط محکمہ ڈاک کے ذریعے بغیر ڈیلیوری کے واپس آ گئے ہیں۔غیر رجسٹرڈ جماعتوں میں جموں و کشمیر عوامی لیگ، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک پارٹی نیشنلسٹ، آل جے اینڈ کے پیپلز پیٹریاٹک فرنٹ، ڈیموکریٹک جنتا دل (جے اینڈ کے)، جے اینڈ کے سٹیزن پارٹی اور جموں و کشمیر نیشنل یونائیٹڈ فرنٹ شامل ہیں۔
’ڈیل مونٹی جوس ‘
دہرے لیبل والے اسٹاک کی جانچ کیلئے تحقیقاتی افسر تعینات
سرینگر//بلال فرقانی// انتظامیہ نے’ڈیل مونٹی‘ جوس کے دہرے لیبل والے اسٹاک کی تحقیقات کیلئے کمشنر فوڈ اینڈ ڈرگس کو تحقیقاتی افسر تعینات کیا۔ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے پرنسپل سیکریٹری منوج کمار دیویدی کی جانب سے جاری آرڈر میں کہا گیا کہ سرینگر میں ’ڈیل مونٹی‘ جوس کے دہرے لیبل والے اسٹاک کو فروخت کرنے کیلئے محکمہ فوڈ اینڈ ڈرگس ایڈمنسٹریشن کے کمشنر شکیل الرحمان کو تحقیقاتی افسر تعینات کرنے کو منظوری دی گئی ہے۔حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ کمشنر اس معاملے میں لیگل میٹرولجی محکمہ کے افسراں کی جانب سے غفلت بھرتنے کی بھی تحقیقات کریں گے۔ آرڈر کے مطابق لیگل میٹرولجی محکمہ کشمیر کے جوائنٹ ڈائریکٹر جانچ میں تحقیقاتی افسر کی معاونت کریں گے جبکہ تحقیقاتی افسر اپنی جانچ رپورٹ ایک ماہ کے اندر پیش کریں گے۔ محکمہ خوراک شری رسدات و امور صارفین کے انفورسمنٹ اسکارڈ نے سرینگر میںیکم جون کو ٹین بند جوس’ڈیل مونٹی‘ کے لیبل کا غلط استعمال کرنے کی پاداش می ایک دکان کو سیل کیا تھا۔
ٹنگمرگ میں مادہ تندوے کی موجودگی سے خوف و ہراس
ٹنگمرگ//مشتاق الحسن // گذشتہ کچھ روز سے ٹنگمرگ میں گھوم رہے مادہ تیندے کو پکڑنے کا مطالبہ کرتے ہوئے مقامی لوگوں نے محکمہ وائلڈ لائف سے کہا کہ یہ تیندوا لوگوں کیلئے پریشانی کا سبب بن رہا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ دارہ کشی میں مادہ تیندواکئی ہفتوں سے گھوم رہی تھی اور گائوں والوں نے محکمہ وائلڈ لائف کو اس کی اطلاع دی جنہوں نے محمد اشرف کھٹانہ کے گھر کے نزدیک جال لگایا جس میں دو نوازید بچے پھس گئے جنہیں محکمہ نے اپنی تحویل میں لے کر دور جنگل میں چھوڈ دیا اور تب سے مادہ تیندوا بچوں کو تلاش کررہی ہے اور شام ہوتے ہی مادہ تیندوا مکانوں اور گائو خانوں پر حملہ کرتی ہے جس سے شام ہوتے ہی لوگ ڈراور خوف کی وجہ سے گھروں میں محصور ہوکر رہ جاتے ہیں۔ مقامی لوگوں نے محکمہ وائلڈ لائف سے مطالبہ کیا ہے کہ مادہ تیندوے کو فوری طور پکڑا جائے ۔
جنگلات کے حقوق
ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ کا مختلف امور پر تبادلہ خیال
عازم جان
بانڈی پورہ// ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے جنگلات کے حقوق کے قانون کے تحت دعوئوں کی پیش رفت سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔میٹنگ میں اے ڈی سی بانڈی پورہ وسیم راجہ، محمد اشرف حکاک ، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو پرویز رحیم، اے سی ڈی عبدالرشید داس، ڈی ایف او بانڈی پورہ شبیر احمد بٹ، بی ڈی او بانڈی پورہ، تحصیلدار بانڈی پورہ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ میٹنگ میں افراد اور کمیونٹیز کے FRAدعوئوں سے متعلق پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی سی نے تمام متعلقہ افراد کو ہدایت کی کہ وہ ایف آر سی کی سطح پر ایف آر اے کیسز کے التوا کی وجوہات کا جائزہ لیں۔انہوں نے تمام اہل حقیقی FRAدعوئوں کی تصدیق کرنے اور کیسز کو اسیسمنٹ کے لیے سب ڈویژنل سطح کی کمیٹی کے پاس جمع کرانے کی ہدایت کی۔ ڈاکٹر اویس نے جنگلات کے حقوق کے قانون کے موثر نفاذ کے لیے مربوط نقطہ نظر پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں سے کہا کہ وہ مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لیے تعاون سے کام کریں۔
لیگل سروسز اتھارٹی گاندربل کے زیر اہتمام پینل وکلا کیلئے تربیتی پروگرام
گاندربل//سال 2022 کے لئے ایکشن پلان اور سرگرمیوں کے کیلنڈر کے مطابق ضلع لیگل سروس اتھارٹی گاندربل نے ہفتہ کے روز گاندربل عدلیہ کے کانفرنس ہال میں لیگل سروس اتھارٹی سے منسلک پینل وکلا کیلئے ایک روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا۔تربیتی کورس محترمہ تبسم سکریٹری ضلع لیگل سروس اتھارٹی گاندربل کی رہنمائی میں منعقد ہوا۔تربیتی پروگرام کی سربراہی سکریٹر ی لیگل سروسز اتھارٹی نے انجام دی جنہوں نے لیگل سروس اتھارٹی پینل کے وکلا کے لئے قانونی خدمات کے کردار اور ذمہ داریوں کو اجاگر کیا۔تربیتی پروگرام کے دوران انہوں نے کہا کہ پینل وکلا ء ان اہم ستونوں میں سے ایک ہیں جن پر قانونی خدمات کی پوری عمارت قائم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پینل وکلا کی ذمہ داری ہے کہ وہ قابل اور معیاری قانونی خدمات پیش کریں اورمؤثر طریقے سے قانونی خواندگی کو پھیلائیں۔وکلا کو ان افراد تک پہنچنا ہے اور انہیں معاشرے کے پسماندہ اور پسماندہ طبقات سے نمٹنے اور فائدہ اٹھانے والوں کو قانونی تجویز کرتے ہوئے تخلیقی سوچ کے ذریعے حل نکالنے کی ضرورت ہے۔تربیتی پروگرام زیادہ تر تعریفی پس منظر پر مبنی تھا جس کے دوران پینل کے وکلا نے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وہ سوالات اٹھائے جنہیں سیکرٹری ضلع لیگل سروس اتھارٹی گاندربل نے تسلی بخش طریقے سے حل کیا۔پروگرام میں ضلع لیگل سروس اتھارٹی گاندربل،تحصیل لیگل سروس اتھارٹی گاندربل اور تحصیل لیگل سروس اتھارٹی کنگن کے پینل وکلا نے شرکت کی۔
ڈاکٹر فاروق کا بابا ریشیؒ کے عرس پر مبارکباد
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹرفاروق عبداللہ نے حضرت بابا پیام الدین ریشیؒ ٹنگمرگ(باباریشیؒ) کے عرس پر اہل کشمیر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بزرگان دین نے اسلام کی تبلیغ و اشاعت کے سلسلے میں جو خدمات انجام دی ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمیں اِس بات پر فخر ہے کہ اہل کشمیر کو اللہ نے بزرگان دین کی نعمتوں سے مالا مال کیا ہے۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ بزرگان دین، اولیاء کرام نے اسلام کی جو آبیاری کی وہ تاقیامت ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت بابا ریشیؒ نے جو ملی خدمات انجام دیں و ناقابل فراموش ہیں۔پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ، جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال، پارٹی لیڈران ایڈوکیٹ شوکت احمدمیر اور فاروق احمد شاہ نے بھی عرس کے سلسلے میں مبارکباد پیش کی ہے اور انتظامیہ سے زائرین کیلئے معقول اور مناسب سہولیات میسر رکھنے کی اپیل کی ہے۔ پارٹی کے کانسچونسی انچارج فاروق احمد شاہ نے ایس ڈی ایم سے رابطہ کرکے ایام عرس اور شب خوانی کے دوران زائرین کیلئے معقول اور مناسب انتظامات رکھنے پر زور دیا۔