عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/وزیر صحت و تعلیم سکینہ یتو کا کہنا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے ابھی بھی 40 اسکول بند ہیں۔انہوں نے ساتھ ہی کہا ہے کہ وادی میں باقی اسکول آج کھل گئے۔واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں سیلاب کی وجہ سے حکام نے بنا بر احتیاط اسکولوں کو بند کر دیا تھا اور آج یعنی 8 ستمبر کو وادی میں 40 اسکولوں کو چھوڑ کر باقی اسکولوں میں درس و تدریس کا کام باقاعدہ بحال ہوا۔
سکینہ یتو نے اس ضمن میں پیر کو یہاں میڈیا کو بتایا 40 سکول ابھی بھی بند ہیں،ان میں سیلاب کا پانی آیا تھا، اور کچھ اسکولوں میں سیلاب متاثرین کو رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک صورتحال ٹھیک نہیں ہوگی اور ان اسکولوں کو صاف نہیں کیا جائے گا تب تک ان کو بند ہی رکھا جائے گا تاہم ان کو جلد سے جلد کھولنے کے لئے کام کیا جا رہا ہے۔
وزیر موصوفہ نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ بچوں کی صحت اور تعلیم متاثر نہ ہوسکے۔ان کا کہنا تھا کہ وادی میں باقی اسکولوں میں آج کام کاج بحال ہوا۔دریں اثنا وادی کے باقی علاقوں میں پیر کی صبح کئی روز کے بعد اسکول دوبارہ کھل گئے اور صبح سویرے ہی ہلکی بارشوں کے بیچ بچوں کو گاڑیوں یا پیدل اپنے اپنے اسکولوں کی طرف جاتے ہوئے دیکھا گیا۔