عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی// سپریم کورٹ نے منگل کو کہا کہ 40 فیصد کی معیاری معذوری کے باوجود کسی طالب علم کو طبی تعلیم حاصل کرنے سے نہیں روکا جا سکتا جب تک ماہرین کی رپورٹ یہ ثابت نہ کرے کہ امیدوار ایم بی بی ایس کرنے سے قاصر ہے۔
جسٹس بی آر گوائی، اروند کمار اور کے وی وشوناتھن پر مشتمل بینچ نے اپنی 18 ستمبر کے حکم کی تفصیلی وجوہات بتائیں، جس میں ایک امیدوار کو ایم بی بی ایس کورس میں داخلہ لینے کی اجازت دی گئی تھی، کیونکہ میڈیکل بورڈ نے یہ رائے دی تھی کہ وہ بغیر کسی رکاوٹ کے طبی تعلیم حاصل کر سکتا ہے۔
بینچ نے کہا کہ کسی معذوری کا شکار امیدوار کی صلاحیت کا جائزہ معذوری کا جائزہ لینے والے بورڈ کے ذریعے لیا جانا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا، “صرف معذوری کی موجودگی امیدوار کو ایم بی بی ایس کورس کے لیے نااہل نہیں بناتی۔ معذوری کا جائزہ لینے والا بورڈ واضح طور پر یہ ریکارڈ کرے کہ آیا امیدوار کی معذوری اس کے کورس مکمل کرنے میں رکاوٹ بنے گی یا نہیں”۔
عدالت نے مزید کہا کہ اگر بورڈ یہ نتیجہ نکالتا ہے کہ امیدوار کورس کرنے کے اہل نہیں ہے، تو اسے اپنی وجوہات بھی بتانی ہوں گی۔
یہ فیصلہ ایک طالب علم، اومکار، کی درخواست پر سنایا گیا جس نے 1997 کے گریجویٹ میڈیکل ایجوکیشن ریگولیشن کو چیلنج کیا تھا، جو 40 فیصد یا اس سے زیادہ معذوری کے حامل افراد کو ایم بی بی ایس کرنے سے روکتا ہے۔