عظمیٰ ویب ڈیسک
سرنکوٹ// ضلع پونچھ کے سرنکوٹ علاقے میں پیر سے جاری تصادم آرائی میں 4 جنگجو مارے گئے ہیں۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ پونچھ کے علاقے شیندرہ میں سیکورٹی فورسز کی مشترکہ کارروائی میں چار جنگجو مارے گئے۔
اُنہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان پہلی جھڑپ گزشتہ شب تقریباً 11بج کر 30 منٹ پر ہوئی جس کے بعد رات کی نگرانی کے دیگر آلات کے ساتھ ڈرون کو بھی استعمال کیا گیا۔
دفاعی ذرائع نے مزید بتایا کہ منگل کی صبح ، سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے کے ساتھ ایک بار پھر تصادم شروع ہوا۔
اُنہوں نے بتایا کہ بھارتی فوج کی سپیشل فورسز، راشٹریہ رائفلز اور جموں و کشمیر پولیس کے دستے دیگر فورسز کے ساتھ اس آپریشن کا حصہ تھے۔
آپریشن میں مبینہ طور پر غیر ملکی جنگجو مارے گئے ہیں اور ان کی شناخت کی جا رہی ہے۔جائے تصادم سے 4 اے کے 47 رائفل، 2 پستول اور دیگر جنگی سامان برآمد کیا گیا ہے۔
علاقے میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن تاحال جاری ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ پیر کے روز بعد دوپہر علاقے میں جنگجووں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا تھا، جس دوران تصادم شروع ہوا۔رات بھر جاری رہنے والے آپریشن میں جنگجووں کو مار گرایا گیا ہے۔
قبل ازیں، پیر کے روز ہی پونچھ کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں فوج نے دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 2 پاکستانی در اندازوں کو مار گرایا تھا، جس دوران بڑی مقدار میں اسلحہ ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان برآمد کیا گیا تھا۔
ادھر، مینڈھر کے طوطا گلی علاقے میں سیکورٹی فورسز نے جنگجووں کے ایک ٹھکانے پردہ فاش کرتے ہوئے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔