عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں//شاہراہوں، سڑکوں اور ٹرانسپورٹ کے مرکزی وزیرنتن گڈکری نے بدھ کو کہا کہ اودھم پور-رام بن سیکشن پر 4 لین پروجیکٹ کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔ وزیر نے پہاڑوں اور ندی سے گزرتی شاہراہ کی چار تصویریں بھی ایکس پر شیئر کیں۔
انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، “جموں و کشمیر میں، ہم نے 4 لین رام بن وایاڈکٹ کی تعمیر کامیابی سے مکمل کی ہے، یہ ایک قابل ذکر کارنامہ ہے جس کی لمبائی 1.08 کلومیٹر ہے “۔
گڈکری نے کہا، “یہ پروجیکٹ 328 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے، جو نیشنل ہائی وے-44 کے ادھم پور-رام بن سیکشن میں واقع ہے۔ یہ وایاڈکٹ 26 سپین پر مشتمل ہے اور اس کے ساختی ڈیزائن میں کنکریٹ اور سٹیل گرڈرز کا استعمال ہے”۔
گڈکری نے کہا، “وایاڈکٹ کی تکمیل سے رام بن بازار میں ٹریفک کی بھیڑ نمایاں طور پر کم ہو گئی ہے، جس سے گاڑیوں کی آمد و رفت میں آسانی ہوئی ہے”۔
وزیر نے کہا کہ یہ “یادگار کامیابی” نہ صرف علاقائی اقتصادی خوشحالی کو آگے بڑھائے گی بلکہ ایک اعلیٰ درجے کی سیاحتی پناہ گاہ کے طور پر اس کی رغبت کو بھی بڑھائے گی۔