عاصف بٹ
کشتواڑ//جموں وکشمیر کے ضلع کشتواڑ کے چھاترو علاقے میں ایک ٹا ٹا سومو گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 8 مسافروں کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی جبکہ 13 دیگر زخمی ہوئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ منگل کی سہ پہر کو کشتواڑ کے بوندا چھاتروعلاقے میں ٹا ٹا سومو زیر نمبر JK17-9117 ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جاگری جس وجہ سے گاڑی میں سوار 11افراد شدید طورپر زخمی ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ اور پولیس ٹیم جائے موقع پر پہنچے اور ریسکیو آپریشن شروع کیا ۔
اُن کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے 8 مسافروں کو مردہ قرار دیا۔
معلوم ہوا ہے کہ زخمیوں میں سے کئی ایک کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔
حادثے میں جاں بحق افراد کی شناخت امین ولد غفار گوجر ، فرید ولد نور دین نور حسین ولد غفار ، محمد اکبر ولد نور دین ،فرید ولد عبدلکریم ،بشیر ولد اکبر و نظر احمد ولد اکبر پوسوال ساکنہ بونڈا کی موقع پر ہی موت ہوئی جبکہ نصرت بانو ولد فرید احمد کی موت ضلع ہسپتال کشتواڑ میں واقع ہوئی۔
زخمیوں کی شناخت منظور احمد غفار گوجر ، خاتون زوجہ فرید و اختر حسین ولد منگو گوجر کا علاج ضلع ہسپتال میں جاری ہے۔ اور انھیں مزید علاج و معالجے کیلئے گورنمٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا جائے گا۔
پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ۔
دریں اثنا ٹریفک کے بڑھتے ہوئے حادثات پر عوامی حلقوں نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ محکمہ کی غفلت اور لاپرواہی کے نتیجے میں ہی ٹریفک حادثات رونما ہو رہے ہیں۔
عوامی حلقوں کے مطابق جس سومو میں صرف نو مسافروں کے لئے بیٹھنے کی گنجائش ہے اُس میں بارہ مسافروں کو کیسے بٹھایا گیا یہ سمجھ سے باہر ہے۔
عوامی حلقوں نے انتظامیہ سے ملوثین کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا