بارہمولہ//منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے پولیس نے کولگام اور بارہ مولہ میں خاتون سمیت چار منشیات فروشوں کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں ممنوع نشیلی اشیاءبرآمد کرکے ضبط کی۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پولیس کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ منظور احمد نائیک اور علی محمد نائیک پسران غلام قادر نائیک ساکن نائیک پورہ کولگام نے رہائشی مکانوں میں نشیلی اشیاءڈمپ کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈی ایس پی ہیڈ کواٹر کولگام کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کی موجودگی میں رہائشی مکانوں پر پر چھاپے ڈالے اور وہاں سے 75کلو ممنوع نشیلی اشیاءکو برآمد کرکے ضبط کیا۔
انہوں نے کہاکہ دونوں منشیات فروشوں کودھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ ایس ایچ او پولیس سٹیشن کولگام کی سربراہی میں ٹیم نے رنگریز پورہ کولگام میں ایک مشتبہ خاتون کو روک کر اس کی تلاشی لی جس دوران اس کے قبضے سے 14.4کلو ممنوع نشیلی اشیاءبرآمد ہوئی۔
انہوں نے خاتون کی شناخت رفیقہ اختر کے بطور کی ہے۔
علاوہ ازیں پلہالن پولیس کو اطلاع موصقول ہوئی کہ جاوید احمد میر عرف جئی کاندر ولد رمضان میر ساکن خامبیار پلہالن نے رہائشی مکان ممنوع نشیلی اشیاءڈمپ کی ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے مخصوص جگہ پر چھاپہ ڈالا ور وہاں سے کوڈین بوتلیں برآمد کیں۔
دریں اثنا پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے بارے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کو مطلع کریں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات فروشی سماج کے لئے ناسور بن چکے ہیں لہذا اس کا قلع قمع کرنے کی خاطر ہر ایک کو پولیس کے ساتھ اپنا تعاون فراہم کرنا چاہئے تاکہ اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑپھینک دیا جاسکے۔