عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/کرائم برانچ کشمیر کی اقتصادی جرائم ونگ نے پولیس اسٹیشن کنگن میں درج ایک کیس، جس کو اب اقتصادی جرائم ونگ کو منتقل کیا گیا ہے، میں چار افراد کے خلاف ابتدائی چارج شیٹ داخل کی ہے۔ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اقتصادی جرائم ونگ (کرائم برانچ کشمیر) نے پولیس اسٹیشن کنگن جس کو اقتصادی جرائم ونگ کو ٹرانسفر کیا گیا ہے،میں ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 28/2025 سیکشن 318(4)، 316(5) کے تحت ایک ابتدائی چارج شیٹ داخل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مقدمہ ایک شکایت سے شروع ہوا جس میں یہ الزام لگایا گیا تھا کہ شاہنواز احمد شاہ ولد غلام نبی شاہ ساکن راتھر محلہ کنگن جو کہ پروبیشنری آفیسر، جموں وکشمیر بینک، برانچ کنگن کے طور پر کام کر رہا تھا، نے ان (شکایت کنندہ) سے دھوکہ دہی پر مبنی سرمایہ کاری کی تجویز کے ساتھ رابطہ کیا۔انہوں نے کہا کہ شکایت کنندہ کو آن لائن ٹریڈنگ کے ذریعے منافع بخش مالیاتی اسکیم میں سرمایہ کاری کرنے کا لالچ دیا گیا۔ان کا کہنا ہے کہ کیس درج کرنے کے بعد معاملے کو گہرائی سے تفتیش کرنے کے لیے کرائم برانچ کشمیر کو منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزموں نے ایک دوسرے کی ملی بھگت سے مجرمانہ سازش رچی اور آن لائن مالیاتی تجارتی سکیموں کے بہانے سینکڑوں لوگوں کو دھوکہ دہی اور بے ایمانی کے ذریعے 53 کروڑ روپیے سے زائد کا جھانسہ دیا۔
بیان میں ملزموں کی شناخت شاہنواز احمد شاہ ولد غلام نبی شاہ، غلام نبی شاہ ولد مرحوم غلام محمد شاہ، رومیسہ جان دختر غلام نبی شاہ ساکنان راتھر محلہ کنگن اور عامر بشیر ماگرے ولد بشیر احمد ماگرے ساکن بونی زل ہری پوہ کنگن گاندربل کے طور پر کی گئی۔انہوں نے کہا کہ معاملے میں ایک ابتدائی چارج شیٹ عدالتی فیصلہ کے لیے عدالت میں پیش کی گئی ہے۔بیان کے مطابق اس ضمن میں چاروں ملزموں کو پہلے ہی گرفتار کیا گیا ہے۔
آن لائن مالیاتی فراڈ کیس میں 4 ملزموں کے خلاف چارج شیٹ داخل: سی بی کے
