عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر حکومت نے قانون ساز اسمبلی کو منگل کے روز بتایا کہ جموں و کشمیر کے مختلف سرکاری محکموں میں 32 ہزار 4 سو 74 اسامیاں خالی ہیں۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، جو جنرل ایڈمنسٹریشن محکمے کی بھی نگرانی کر رہے ہیں، نے رکن اسمبلی ہندوارہ سجاد لون کے ایک تحریری سوال کے جواب میں کہا کہ یہ خالی اسامیاں 31 جنوری 2025 تک درج کی گئی ہیں۔
ان خالی اسامیوں میں سے 2 ہزار 5 سو 3 گزیٹڈ پوسٹ، 19 ہزار 2 سو 14 نان گزیٹڈ اور 10 ہزار 7 سو 57 ملی ٹاسکنگ عملہ شامل ہے۔
حکومت نے مزید انکشاف کیا کہ 16 اکتوبر 2024 سے جب سے عمر عبداللہ کی انتظامیہ نے عہدہ سنبھالا ہے، 3 ہزار 7 سو 27 اسامیاں جموں و کشمیر سروس سلیکشن بورڈ اور پبلک سروس کمیشن کو بھیجی گئی ہیں جن میں ان میں 7 سو 38 گزیٹڈ اسامیاں، 1 ہزار 7 سو 54 نان گزیٹڈ اسامیاں اور 1 ہزار 2 سو 35 ملٹی ٹاسکنگ اسٹاف شامل ہے۔
مزید برآں انتظامیہ نے انکشاف کیا کہ ایس ایس بی اور پی ایس سی کے ذریعے کرائے گئے بھرتی ٹیسٹ کے ذریعے درخواست دینے والے ملازمت کے خواہشمندوں سے 14.17 کروڑ روپیے امتحانی فیس کے طور پر جمع کیے گئے ہیں۔
ملازمت کے خواہشمندوں کے لیے درخواست کی فیس معاف کرنے کے معاملے پر حکومت نے واضح کیا کہ فی الحال ایسی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔
جموں وکشمیر کے مختلف محکموں میں 32 ہزار سے زیادہ اسامیاں خالی
