عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/گریز سب ڈویژن کے مختلف اسکولوں میں کئے گئے اچانک معائنہ کے دوران متعدد اساتذہ غیر حاضر پائے گئے، جس کے بعد سب ڈویژنل فیلڈ مینیجر (ایس ایف ایم) گریز نے ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ کو خط لکھ کر کارروائی کی سفارش کی ہے۔
ذرائع کے مطابق، ایس ڈی ایم گریز نے 5 اپریل 2025 کو جن تعلیمی اداروں کا معائنہ کیا ان میں شامل ہیں: بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول داور، گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول داور، ہائی اسکول چرون، ہائی اسکول اچورہ، مڈل اسکول چرون، مڈل اسکول مستان، اور ایکلویہ ماڈل ریزیڈینشل اسکول گریز۔
معائنہ کے دوران انکشاف ہوا کہ متعدد اساتذہ بلا اجازت غیر حاضر تھے، جس سے طلباء کی تعلیم متاثر ہوئی اور تعلیمی ماحول میں خلل پڑا۔
ایس ایف ایم نے اپنے خط میں کہا کہ اس غیر حاضری پر والدین میں شدید ناراضگی پائی جا رہی ہے اور انہوں نے اساتذہ کی لاپروائی کے خلاف احتجاج شروع کیا ہے۔
صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ایس ایف ایم نے غیر حاضر اساتذہ کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت سخت تادیبی کارروائی کی سفارش کی ہے تاکہ احتساب کو یقینی بنایا جا سکے اور علاقے میں تعلیمی نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔
مکتوب کے ساتھ غیر حاضر اساتذہ کی فہرست بھی منسلک کی گئی ہے تاکہ متعلقہ حکام اس پر ضروری کارروائی کر سکیں۔