بانہال میں نجی کار سے 30 کلو ہیروئن ضبط، 2 گرفتار

عظمیٰ ویب ڈیسک

بانہال// جموں و کشمیر پولیس نے رام بن میں کشمیر سے پنجاب کی طرف جانے والی ایک نجی گاڑی سے کروڑوں روپے مالیت کی 30 کلو ہیروئن برآمد کی ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب جموں سری نگر قومی شاہراہ پر بانہال علاقہ سے برآمدگی کے بعد منشیات کے دو مشتبہ سمگلروں کو گرفتار کیا گیا۔پولیس کو شبہ ہے کہ گرفتار افراد کا مبینہ طور پر پاک مقیم منشیات سمگلروں کے ساتھ رابطہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سرحد پار سے سمگل کی جانے والی ہیروئن کو شمالی کشمیر سے پنجاب منتقل کیا جا رہا تھا۔
پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ بانہال سٹیشن ہاوس آفیسر (ایس ایچ او) محمد افضل وانی کی سربراہی میں ایک پولیس پارٹی نے نجی گاڑی کو روکا اور تلاشی کے دوران ممنوعہ منشیات بر آمد کی۔
اُنہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس تھانہ بانہال میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ گرفتار افراد کی پوچھ تاچھ کے دوران مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔