عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/منشیات کے خلاف کریک ڈائون کو جاری رکھتے ہوئے جموں وکشمیر پولیس نے جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ کے پامپور علاقے میں تین منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ پولیس اسٹیشن پامپور کی ایک ٹیم نے لتربل علاقے میں گیس پلانٹ کے نزدیک تین افراد کو دھر لیا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے 725 گرام بھنگ اور 25 گرام چرس جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد تینوں کو بر سر موقع ہی گرفتار کیا گیا۔گرفتار شدگان کی شناخت اشفاق احمد کھانڈے ولد غلام قادر ساکن ووین، محمد مقبول راتھر ولد عبد الاحد ساکن پوستونہ ترال اور عابد حسین خان ولد نذیر احمد خان ساکن لارو ترال کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن پامپور میں این ڈی پی ایس کے متعلقہ دفعات کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر 119/2025 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئی۔انہوں نے لوگوں سے منشیات کے خاتمے کے لئے بھر پور تعاون فراہم کرنے کی اپیل کی۔
پامپور میں 3 منشیات فروش گرفتار، ممنوعہ مواد بر آمد: پولیس