سرینگر// جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ بجلی کی مکمل میٹرنگ کے بعد 24 گھنٹے بجلی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔
بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے تسلیم کیا کہ ضرورت سے زیادہ اور غیر قانونی بجلی کے استعمال سے نظام پر شدید دباؤ پڑتا ہے۔
عمر عبداللہ نے کہا، “ایسے لوگ بھی ہیں جنہوں نے صرف چار بلب استعمال کرنے کا معاہدہ کیا ہے لیکن وہ چار ہیٹر جتنا بجلی استعمال کرتے ہیں۔ اس سے نظام پر بہت دباؤ پڑتا ہے”۔
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ بجلی کے استعمال کو منظم کرنے میں حکام کے ساتھ تعاون کریں۔
سخت سردیوں کے دوران منجمد پانی کی لائنوں کی وجہ سے لوگوں کو مزید مشکلات کا سامنا ہے۔ عمر عبداللہ نے امید ظاہر کی کہ برفباری سے موسم بہتر ہوگا اور کچھ مسائل حل ہو جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا، “ہم تمام مسائل کو حل کرنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں، لیکن کچھ مسائل اس وقت تک حل نہیں ہوں گے جب تک ریاست کا درجہ بحال نہیں کیا جاتا”۔
سو فیصد میٹرنگ کے بعد جموں و کشمیر کو 24 گھنٹے بجلی فراہم ہوگی: عمر عبداللہ
