عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// پردھان منتری آواس یوجنا – اربن (PMAY-U) کے تحت جموں و کشمیر میں گزشتہ پانچ سالوں کے دوران 26,748 مکانات کی تعمیر کی منظوری دی گئی، جبکہ 27,627 مکانات کی بنیادیں رکھی گئیں۔ مرکزی وزیر برائے ہاؤسنگ و اربن افیئرز، منوہر لال نے جمعرات کو ایوان کو یہ معلومات فراہم کیں۔
مرکزی وزیر نے ملک بھر میں اس سکیم کے تحت جاری اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں اب تک 26,748 مکانات کی تعمیر کی منظوری دی گئی ہے اور 27,627 مکانات کی تعمیر کا عمل شروع کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا، “اب تک 23,497 مکانات مکمل ہو کر مستحقین کو حوالے کیے جا چکے ہیں”۔
مالی معاونت کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے 394.97 کروڑ روپے جاری کیے گئے، جبکہ اس سکیم کے تحت مکانات کی تعمیر اور حوالگی کے لیے 401.79 کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔
مرکزی وزیر نے مزید کہا کہ ہاؤسنگ اور اربن افیئرز کی وزارت نے 1 ستمبر 2024 سے PMAY-U 2.0 کا آغاز کیا، جو کہ ‘سب کے لیے رہائش’ مشن کا حصہ ہے۔
اس سکیم کا مقصد شہری علاقوں میں مکانات کی تعمیر، خرید یا کرایہ کے لیے مرکزی معاونت فراہم کرنا ہے، جس کے تحت ملک بھر میں ایک کروڑ اضافی گھروں کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا، “یہ سکیم چار طریقوں کے تحت نافذ کی جائے گی، جن میں بینیفیشری لیڈ کنسٹرکشن (BLC)، افورڈایبل ہاؤسنگ ان پارٹنرشپ (AHP)، افورڈایبل رینٹل ہاؤسنگ (ARH) اور انٹرسٹ سبسڈی اسکیم (ISS) شامل ہیں”۔
اب تک 29 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں، بشمول جموں و کشمیر، نے PMAY-U 2.0 پر عمل درآمد کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے ہیں۔