عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں و کشمیر الیکشن دفتر نے انتخابی مہم میں سرکاری ملازمین کی شرکت اور سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر 23 سرکاری ملازمین کو معطل کر دیا ہے، جبکہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 6 عارضی اور کنٹریکچوئل ملازمین کو بھی برطرف کر دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے مزید بتایا کہ مختلف انفورسمنٹ ایجنسیوں نے جاری اسمبلی انتخابات 2024 کے دوران اب تک 130 کروڑ روپے کی مالیت کی ضبطی کی ہے، پولیس نے سب سے زیادہ 107.50 کروڑ روپے کی ضبطی نے کی ہے۔
چیف الیکٹورل آفیسر پی کے پولے نے بتایا کہ 7088 اجازت نامے سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو دیے جا چکے ہیں، جن میں ریلیوں، جلسوں، پارٹی دفاتر، جھنڈے اور بینر لگانے، گھر گھر مہم اور دیگر سرگرمیوں کی اجازت شامل ہے۔
ضابطہ اخلاق کی 1263 خلاف ورزیوں میں سے 600 کو نمٹا دیا گیا ہے، جبکہ 364 زیر تفتیش ہیں اور جلد حل ہو جائیں گی۔ مزید یہ کہ 115 امیدواروں، سیاسی جماعتوں اور میڈیا اداروں کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔
غیر قانونی طور پر نقدی، منشیات اور شراب لے جانے پر 32 ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں۔