یو این آئی
بیروت// جمعرات کی شام وسطی بیروت کے گنجان آباد علاقے النوری کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی فضائی حملے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 22 ہو گئی ہے اور 117 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ لبنان کی وزارت صحت نے اپنی تازہ ترین معلومات میں یہ اطلاع دی۔
الجزیرہ ٹی وی چینل کے مطابق مبینہ طور پر فضائی حملے کا مقصد حزب اللہ کے رابطہ اور تال میل یونٹ کے سربراہ وافق صفا کو نشانہ بنانا تھا تاہم وہ اس حملے میں محفوظ رہے۔
القولہ اور البچورہ کے علاقوں پر حملوں کے بعد اسرائیل نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کو تیسرا مرتبہ نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیل نے حال ہی میں بیروت اور اس کے مضافات میں اپنے فضائی حملے تیز کر دیے ہیں، جن میں بنیادی طور پر حزب اللہ کے اہلکاروں اور تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان تنازع ایک سال قبل شروع ہوا تھا جب غزہ جنگ کے آغاز میں حزب اللہ نے حماس کی حمایت میں اسرائیل پر راکٹ فائر کیے تھے۔