یواین آئی
پیرس/ 2025بی ڈبلیو ایف ورلڈ چمپئن شپ کے دوسرے دن منگل کے روز ایڈیڈاس ایرینا میں چین کی خواتین کھلاڑیوں نے اگلے راؤنڈ میں جگہ بنائی، جبکہ میزبان فرانس نے اپنے گھریلو شائقین کو سنسنی خیز مقابلوں سے محظوظ کیا۔ خواتین کے سنگلز میں چین کی مضبوطی واضح نظر آئی۔ دوسری سیڈ وانگ ژی ای نے ہنگری کی ایگنیس کوروسی کو صرف 26 منٹ میں 21-5، 21-4 سے شکست دی۔ تیسری سیڈ ہان یو نے بھی یہی کارکردگی دکھائی اور چائنیز تائپے کی چیو پن-چیان کو آسانی سے ہرا دیا، جبکہ گاؤ فانگ جی نے ملیشیا کی گوہ جن وی کو اسی فرق سے ہرایا۔ وانگ نے کہا: “میں کچھ دن پہلے ہی پیرس پہنچی تھی، لیکن جیٹ لیگ کوئی مسئلہ نہیں رہا۔ میں نے میچ سے پہلے تھوڑ آرام بھی کیا ، اس لیے کورٹ پر بالکل تازہ دم محسوس کر رہی تھی۔” ویمنز ڈبلز بھی اتنا ہی شاندار رہا۔ ٹاپ سیڈ لیو شینگ شو/ٹین نِنگ، چھٹی سیڈ جیا یِفان/ژانگ شو ژیان، اور لی یِجنگ/لو ژومِن سب نے آسانی سے اگلے راؤنڈ میں جگہ بنائی۔ میزبان فرانس نے دن کا سب سے سنسنی خیز میچ کھیلا۔ مردوں کے سنگلز میں، توما جونئیر پوپو نے انڈونیشیا کے انتھونی سنیسوکا گِنٹنگ کو 90 منٹ کے شاندار مقابلے میں 21-18، 19-21، 25-23 سے شکست دی۔ دو گھنٹے بعد ہی پوپو اپنے بھائی کرسٹو کے ساتھ کورٹ پر لوٹے اور ملیشیا کے ساتویں سیڈ مان وئی چونگ/ٹی کائی وون کو تین گیمز تک سخت مقابلہ دیا لیکن فیصلہ کن گیم میں معمولی فرق سے ہار گئے۔ فرانس کی ویمنز ڈبلز جوڑی مارگو لیمبرٹ اور کمیلی پوجنانٹے نے تقریباً دن کا سب سے بڑا اپ سیٹ کردیا۔ عالمی رینکنگ میں 42 ویں نمبر پر موجود اس جوڑی نے جنوبی کوریا کی چوتھی سیڈ یافتہ بائیک ہا-نا/لی سو-ہی کو سخت مقابلہ دیا اور آخری گیم میں 22-24 سے شکست کھائی۔ بدھ کو چین کی ٹاپ سیڈ مکسڈ ڈبلز جوڑیاں فینگ یانژے /ہوانگ ڈونگ پنگ اور جیانگ ژین بانگ/ویئی یاکسن ، کا چیمپئن میں ڈیبیو ہوگا ، دونوں کو پہلے راؤنڈ میں بائی ملی ہے ۔ مردوں کے سنگلز میں ٹاپ سیڈ شی یوکی بیلجیم کے جولیان کاراگی سے ٹکرائیں گے ، جبکہ خواتین میں ٹاپ سیڈ چن یو فی کا مقابلہ ڈنمارک کی مِیا بلیچفیلڈ سے ہوگا۔