عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// حال ہی میں ختم ہونے والے تعلیمی سیشن میں جموں و کشمیر میں تعلیمی دنوں میں 30 فیصد سے زیادہ کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔حکام نے بتایا کہ تعلیمی سال 2024-25 میںجموں و کشمیر میں 220 دنوں کے مقابلے میں 150 کام کے تعلیمی دن ریکارڈ کیے گئے ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک سال میں کم از کم 180 تعلیمی دن ہونے چاہئیں۔ حکام نے کہا”ایک تعلیمی سال میں، کم از کم 180 کام کے تعلیمی دن کافی اچھے سمجھے جاتے ہیں، لیکن بدقسمتی سے، خراب موسم، سیلاب جیسی صورتحال اور گرمیوں کی چھٹیوں میں توسیع کی وجہ سے 150 سے کم تعلیمی دن رہے۔” انہوں نے کہا”اگرچہ تقریباً تمام سرکاری اسکول اپنا نصاب مکمل کرتے ہیں لیکن وقت کی پابندیاں تھیں جو بچوں پر بوجھ بنتی تھیں،” ۔ستمبر میں وزیر تعلیم نے کہا تھا کہ ‘طلبہ کی پڑھائی، ابتدا میں جنگ جیسی صورتحال، ہیٹ ویو اور پھر جموں و کشمیر میں سیلاب جیسی صورتحال’ سے بری طرح متاثر ہوئی ہے۔صورتحال کے پیش نظر جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے 10ویں، 11ویں اور 12ویں جماعت کے امتحانات کے نصاب میں 15 فیصد کی نرمی کا اعلان کیا تھا۔BOSE نے ایک نوٹیفکیشن میں کہا تھا کہ یہ فیصلہ اس سال تعلیمی سیشن کے تاخیر سے شروع ہونے کی وجہ سے نصاب میں کمی کے حوالے سے دیگر سٹیک ہولڈرز سے موصول ہونے والی درخواستوں پر کیا گیا ہے، جس کے ساتھ ساتھ گرمی کی لہر، طوفانی بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے تعلیمی کیلنڈر میں رکاوٹیں ہیں۔