عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں وکشمیر پولیس نے جموں کے میران صاحب علاقے میں دو جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے دو پستول اور گولیوں کے چند راونڈ برآمد کئے ہیں۔جموں پولیس کے ایک سینئر آفیسر نے پریس کانفرنس کے دوران بتایاکہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس نے رنگ روڈ میران صاحب میں ناکہ لگایا جس دوران ایک تھار گاڑی کو روک کر اس میں سوار دو افراد کی گرفتاری عمل میں لاکر ان کے قبضے سے دو پستول اور چند گولیوں کے راونڈ برآمد کئے۔
انہوں نے گرفتار شدگان کی شناخت رگونند قیصر اور رجعت رینا کے بطور کی ہے۔پولیس آفیسر کے مطابق کل ہمیں میران صاحب علاقے سے شکایت موصول ہوئی کہ ایک تقریب کے دوران وہاں پر گولیوں کے کئی راونڈ فائر کئے گئے۔
انہوں نے کہاکہ شکایت موصول ہونے کے بعد پولیس نے ہیومن انٹیلی جنس اور جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کارلایا جس دوران دو جرائم پیشہ افراد کو دھر دبوچ کر انہیں سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جموں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا ہے۔
جموں کے میران صاحب میں دو بد معاش اسلحہ سمیت گرفتار: پولیس
