اشتیاق ملک
ڈوڈہ// ڈوڈہ ضلع کے گندوہ گاؤں میں اتوار کو ایک بس مٹی کے تودے کی زد میں آنے سے دو افراد کی موت ہو گئی جبکہ ایک زخمی ہو گیا ہے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ بس گواری گندوہ سے جموں جا رہی تھی کہ بھنگھرو گندوہ کے قریب پسی کی زد میں آ گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ واقع میں 3 افراد ملبے میں پھنس گئے جس کے فوراً بعد تلاش اور بچاؤ آپریشن شروع کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ بعد میں انہیں علاج کے لیے ایس ڈی ایچ گندوہ منتقل کیا گیا جہاں ان میں سے دو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
متوفین کی شناخت عامر سہیل ولد عبدالقیوم سکنہ کاہرہ اور مدثر علی ولد نثار احمد ساکنہ ہلور چھانگا کے طور سے ہوئی ہے جبکہ زخمی کی شناخت شاہد حسین ولد سجاد حسین سکنہ کنتواڑہ کشتواڑ کے طور پر ہوئی ہے۔
ادھر، خراب موسمی صورتحال کے درمیان ضلع بھر کی متعدد رابطہ سڑکیں منقطع ہو کر رہ گئی ہیں جبکہ بجلی و پانی کا نظام پوری طرح سے متاثر ہو گیا ہے۔