عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر پولیس نے ہندوارہ میں دو منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ممنوعہ مواد برآمد کیا ہے۔
پولیس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس پوسٹ لنگیٹ کی ایک ٹیم نے زاند بٹ پورہ میں قائم ایک ناکے پر ایک گاڑی کو روکا، گاڑی زیررجسٹریشن نمبر JK05B-1974 میں دو افراد سوار تھے جن کی شناخت شوکت احمد کالو ولد فاروق احمد کالو ساکن کنیاری حاجن، بانڈی پورہ اور منظور احمد ندرُو ولد عبدالعزیز ندرُو ساکن شیر کالونی، ترزو سوپور کے طور پر ہوئی ہے۔
تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے دو بیگ برآمد ہوئے جن میں بالترتیب 2.90 کلوگرام اور 1.54 کلوگرام نشہ آور شے موجود تھی۔ دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے زیر استعمال گاڑی کو بھی ضبط کر لیا گیا ہے۔اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن ہندوارہ میں ایف آئی آر نمبر 179/2025 کے تحت متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر آپ اپنے اردگرد منشیات فروشی یا کوئی اور جرم ہوتے دیکھیں تو قریبی پولیس اسٹیشن سے رابطہ کریں یا 112 پر کال کریں۔ پولیس نے منشیات کے خلاف مہم میں عوام سے بھرپور تعاون کی اپیل بھی کی ہے تاکہ اس سماجی ناسور کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔
ہندوارہ میں دو منشیات فروش ممنوعہ مواد سمیت گرفتار: پولیس
