عظمیٰ ویب ڈیسک
ادھم پور/جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور کے بسنت گڑھ علاقے میں کندوا کے قریب سی آر پی ایف کی ایک گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں دو سی آر پی ایف اہلکار جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق، سی آر پی ایف کی گاڑی کندوا-بسنت گڑھ روڈ پر چل رہی تھی کہ کندوا کے قریب گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے کے فوراً بعد پولیس اور مقامی افراد نے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا اور زخمی اہلکاروں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
ایس پی ادھم پور سندیپ بھٹ نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دو سی آر پی ایف اہلکار جاں بحق اور 12 زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔
دریں اثنا، مرکزی وزیر ڈاکٹر جتندر سنگھ نے سوشل میڈیا پر واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا’’کندوا-بسنت گڑھ علاقے میں سی آر پی ایف کی گاڑی کے حادثے کی خبر افسوسناک ہے، جس میں ہمارے کئی بہادر جوان سوار تھے۔‘‘انہوں نے مزید بتایامیں نے ابھی ڈی سی سلونی رائے سے بات کی ہے، جو خود صورت حال کی نگرانی کر رہی ہیں اور مجھے مسلسل معلومات فراہم کر رہی ہیں۔‘‘انہوں نے کہا کہ ریسکیو آپریشن فوری طور پر شروع کر دیا گیا ہے اور مقامی لوگوں نے بھی رضاکارانہ طور پر مدد فراہم کی ہے۔ تمام ممکنہ امداد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ادھم پور میں سی آر پی ایف کی گاڑی کو حادثہ، دو اہلکار جاں بحق، 12 زخمی
