عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/گاندربل پولیس نے چند دنوں میں ہی مویشیوں کی چوری کے 2 کیس حل کرکےلاکھوں روپیے مالیت کا مسروقہ مال (بھیڑیں) برآمد کیا ہے اور اس میں ملوث 3 ملزموں کو گرفتار کرلیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن کھیر بھوانی کو 8 ستمبر کو اور پولیس اسٹیشن کنگن کو 11 ستمبر کو جلال الدین ولد عبد السلام ساکن کوکی گنڈ سہہ پورہ اور واحد احمد (بکر وال) ولد حاجی نورانی ساکن چدر کوٹ حال حیان کنگن کی طرف سے تحریری شکایتیں موصول ہوئیں جن میں الزام لگایا گیا کہ 3 اور 4 ستمبر کی رات اور 5 اور 6 ستمبر کی رات کو نامعلوم چوروں نے کوکہ گنڈ سہہ پورہ اور حیان کنگن میں ان کے 37 بھیڑ چرائے۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایس ایس پی گاندربل کی ہدایت پر مقدمے درج کئے گئے اور تحقیقات شرع کی گئیں۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس اسٹیشن کھیر بھوانی کی ایک ٹیم نے سخت محنت اور تکینکی مدد سے شبیر احمد بٹ ولد غلام قادر بٹ ساکن آری گوری پورہ کنگن کو طلب کیا۔بیان میں کہا گیا کہ پوچھ تاچھ کے دوران ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے باسط بشیر ولد بشیر احمد اور ہلال عرف حظیف ساکن پہلی پورہ صفا پورہ کے ہمراہ مومن بشیر گنائی عرف ساحل ولد بشیر احمد گنائی ساکن گنڈی محلہ سہہ پورہ سے 6 چوری کئے گئے بھیڑ خریدے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے انکشاف پر 6 بھیڑ بر آمد کئے گئے اور شبیر احمد کو گرفتار کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ ملزم مومن بشیر کو بھی گرفتار کیا گیا اور ایک گاڑی زیر رجسٹریشن نمبر JK04D 0256 کو ضبط کیا گیا۔موصوف ترجمان نے بتایا کہ علاوہ ازیں پولیس اسٹیشن کنگن کی ایک ٹیم نے غلام نبی ڈار ولد محمد اکبر ڈار ساکن رہامہ پلوامہ نامی ایک ملزم کو گرفتار کیا اور اس کی تحویل سے 15 چوری شدہ بھیڑ بر آمد کئے۔انہوں نے کہا کہ کل ملاکر دو الگ الگ کیسوں میں 3 ملزم گرفتار کئے گئے۔ان کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔
بھیڑوں کی چوری کے 2 کیس حل،مال مسروقہ بر آمد، 3 گرفتار: پولیس
